• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین، کورونا کے نئے وار، مشرقی شہر میں یومیہ 5 لاکھ کیسز رپورٹ

بیجنگ (اے ایف پی ، جنگ نیوز ) چین میں کورونا وائرس کی نئی قسم بی ایف سیون سامنے آنے کے بعد مشرقی شہر میں یومیہ 5لاکھ نئے کیسز سامنےآرہے ہیں ، حکمران کمیونسٹ پارٹی کی ایک نیوز رپورٹ کے مطابق یہ بات ایک محکمہ صحت کے ایک سینئر عہدیدار نے بتائی ، اس رپورٹ کو کئی دیگر نیوز ویب سائٹس نے بھی شیئر کیا ہے تاہم بعد ازاں ہفتے کی صبح اس میں ایڈیٹنگ کرکے اس میں سے اعدادوشمار ہٹادیئے گئے ۔ چین کے قومی ہیلتھ کمیشن کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں ہفتے کے روز 4ہزار 103نئے کیسز سامنے آئے ہیں جبکہ ہفتے کے روز کورونا سے کوئی شخص ہلاک نہیں ہوا ۔ان اعدادوشمار کے بعد اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ سرکاری اعدادوشمار میں کوورنا کی نئی لہر کو ٹھیک طور پر ظاہر نہیں کیا جارہا ہے ۔چین نے گزشتہ ماہ زیر کوڈ پالیسی میں تبدیلی کرتے ہوئے سخت لاک ڈاون ، طویل قرنطینہ اور سفری پابندیاں ختم کردی تھیں ۔چین کے کئی شہروں میں اسپتالوں کے وارڈز بھر چکے ہیں جبکہ آخری رسومات ادا کرنے والے مراکز میں کو بھی رش کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ،چنگڈاو شہر میں کمیونسٹ پارٹی کے تحت چلنے والی ایک نیوز ویب سائٹ نے بتایا کہ یومیہ کیسز کی تعداد 4لاکھ 90ہزار اور 5لاکھ 30ہزار کے درمیان ہوگئی ہے ، انہوں نے بتایا کہ کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ نئے کیسز کی رفتار میں 10فیصد مزید اضافہ ہوسکتا ہے ۔

اہم خبریں سے مزید