• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہر میں صفائی پر سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا‘ ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ

کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر میٹرو پولٹین کارپوریشن کوئٹہ جبار بلوچ نے کہا ہے کہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے ، شہر میں صفائی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، میٹرو پولٹین کارپوریشن شہر کی صفائی کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لارہی ہے تاہم اس میں عوام کے تعاون سے کامیاب ہوسکتے ہیں اگر عوام تعاون نہیں کرتے تو بہتری کسی صورت ممکن نہیں ، شہر کی صفائی ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے ،یہ بات انہوں نے میٹرو پولٹین کے عملے کے ہمراہ ہفتہ کو شہر کے مختلف علاقوں کواری روڈ ، میر احمد خان روڈ ، امداد چوک ، گوالمنڈی چوک ، کاسی روڈ ، شا وکشاہ روڈ ، پرنس روڈ ، انسکمب روڈ سمیت دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ جبار بلوچ نے کہا کہ کوئٹہ کو ماضی میں لٹل پیرس کہا جاتا تھا ہماری کوشش ہے کہ کوئٹہ کے روایتی حسن کو بحال کیا جائے ،عوام سے گزارش ہے کہ وہ کچرا مخصوص جگہ پر پھینکیں تاکہ اٹھانے میں عملے کو آسانی ہو ۔انہوں نے کہا کہ ٹریفک کی بحالی کیلئے ٹریفک پولیس سمیت شہریوں کے ساتھ ملکر پلان ترتیب دیں گے،گرے ہوئے کھمبوں اور تاروں کی مرمت کیلئے واپڈا حکام سے رابطے میں ہیں اس موقع پر انہوں نے عملے کوہدایت کی کہ تجاوزات کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
کوئٹہ سے مزید