راولپنڈی، کوئٹہ ، کراچی، پشاور (ٹی وی رپورٹ، نمائندہ جنگ ، ایجنسیاں )ملک بھر میں سردی کی شدید لہر برقرار ، بالائی علاقوں اور بلوچستان کے کچھ حصوں میں پارہ نقطہ انجماد سے بھی نیچے گرگیا ،کوئٹہ، چمن، زیارت، ژوب اور گردو نواح میں اتوار کو ہلکی بارش اور برف باری ہو ئی جبکہ پشاور میں موسم شدید سرد عوام گھروں تک محدود ،کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے بیشتر شہروں میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند پڑنے کا امکان ہے ۔ بالائی علاقے اس وقت شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں ۔ لہہ میں منفی 14، سکردو میں منفی 11، قلات میں منفی 9، کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 6ریکارڈ کیا گیا ۔پنجاب اور خیبر پختونخوا کے میدانی علاقے بدستور دھند کی لپیٹ میں ہیں ، روز کوئٹہ میں کم سےکم درجہ حرارت منفی03،بارکھان03،دالبندین صفر،گوادر 10، قلات منفی07، خضدار 05، لسبیلہ07 ، نوکنڈی03، سبی04، تربت11، ژوب منفی01اور زیارت میں منفی04ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ آج پیر کوصوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی اضلاع میں شدید سرد رہے گا۔تاہم شام اور رات کے اوقات میں شمالی اضلاع میں مطلع ابر آلود رہنے کے علاوہ کوئٹہ ، چمن ، زیارت،ژوب اور گردو نواح میں ہلکی بارش،برفباری کا امکان ہے ۔ علاوہ ازیں صوبائی دارلحکومت پشاور میں موسم شدید سرد ہو گیا ہے جسکی وجہ سے عوام گھروں تک محدود ہو کر رہ گئے ہیں۔کراچی میں بھی ٹھنڈی ہواؤں کا راج ہے۔