کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین رمیز راجا نے کہا ہے کہ نجم سیٹھی کوپاکستان کرکٹ بورڈ میں لانے کے بعد آئین تبدیل کردیا گیا مجھے سیاسی مداخلت کے ذریعے ہٹایا گیا اس فیصلے سے بابر اعظم اور کرکٹ ٹیم پر دباؤ ڈالا گیا۔ آدھی رات کو نجم سیٹھی ٹوئٹ کرکے کہہ رہے ہیں کہ میں آگیا ہوں ۔ پیر کو اپنے یو ٹیوب چینل انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ میں سیاسی عمل دخل نہیں ہونا چاہیے۔ سیزن کے بیچ میں تبدیلی کی ہے،سوال ہی پیدا نہیں ہوتا کہ یہ بہتری کے لئے آئے ہوں، یہ لوگ چودھراہٹ کے لئے آئے ہیں ۔ پہلی مرتبہ کوالٹی سیزن ملا اور اس سے ہم ایکسپوز ہوئے تھے، پچز ٹھیک ہونی ہے، امید کرتا ہوں کہ اگلے بارہ مہینے میں فاسٹ بولروں کے لئے پچ بنائی جائے۔ جب ٹیم پاکستان آرہی تھی تو چیف سلیکٹر کو بدل دیا۔ ٹیم کے ساتھ چھیڑ خانی خطرے سے خالی نہیں ۔ خطرہ ہے کہ بہت زیادہ چینجز کرنے سے جو ٹیم میں یکجہتی ختم نہ ہوجائے ۔