لاڑکانہ /سکھر (بیورورپورٹ ) پیپلزپارٹی کے چیئرمین وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے آج برسی کے موقع پر اپنی تقریر میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو یاد کروں گا اور میں خارجہ، معاشی اور دہشت گردی کی سطح پر مسائل پر بھی بات کرونگا، بینظیر بھٹو نے ہمیشہ کبھی نفرت نہ کرنا اور دوسروں کو معاف کرنا سکھایا۔ ایک وڈیو بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ آج ہم شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا 15 واں یوم شہادت منائینگے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی آمریت اور انتہاپسندی کیخلاف غیر معمولی جدوجہد سے رہنمائی لی ہے، میں آپ کو دعوت دیتا ہوں کہ گڑھی خدا بخش آئیں اور شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کو انکے 15ویں یوم شہادت پر خراج عقیدت پیش کریں، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ عوام کی خدمت کرنی ہے، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے ہمیں سکھایا کہ چند مراعات یافتہ کے لئے نہیں بلکہ سب کیلئے کوشش کرنی ہے۔دریں اثناءسابق وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کی سابق چیئر پرسن محترمہ بے نظیر بھٹو کی 15 ویں برسی روایتی عقیدت و احترام سے کل منانے کے لئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور مرکزی اسٹیج پر بڑی اسکرین بھی لگا دی گئی ہے ۔آج ہزاروں افراد اپنی شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کرنے پہنچنا شروع ہونگے۔ مرکزی جلسے سے بلاول بھٹو سمیت دیگر رہنما خطاب کریں گے جبکہ مزار پر فاتحہ خوانی اور چادریں چڑھانے سے تقریبات کا آغاز ہوگا۔ گڑھی خدا بخش میں برسی کے سلسلے میں بیرون شہر سے آنے والے کارکنوں کے لئے استقبالیہ کیمپ نصب کردیئے گئے ہیں جبکہ لاڑکانہ اور نوڈ یرو میں مختلف مقامات پر بھی پارٹی کی جانب سے استقبالیہ کیمپ لگائے گئے ہیں۔