• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سی پیک منصوبوں نے 2022 میں بڑی پیش رفت حاصل کی، چین

اسلام آباد (صالح ظافر) چین نے اعلان کیا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) منصوبوں نے 2022 میں معاشی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بناتے ہوئے بڑی پیش رفت حاصل کرلی ہے۔ سی پیک کو بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو (بی آر آئی) کا ایک اہم پائلٹ پروجیکٹ اور پاک چین تعاون کا عملی منصوبہ قرار دیتے ہوئے چینی سفارتخانے کی پولیٹیکل سیکشن کے ڈائریکٹر وانگ شینگ جی نے اس بات کی یاد دہانی کرائی کہ مشترکہ مستقبل کی ایک قریبی کمیونٹی کی تعمیر کے لیے ہر موسم میں پاکستان اور چین کے درمیان اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو گہرا کرنا اہم ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے اس سال وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ چین کے دوران سی پیک کو زیادہ کارکردگی کے ساتھ آگے بڑھانے اور سی پیک کو اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کی مثال بنانے پر اتفاق کیا۔ انہوں نے کہا کہ 2022 میں سی پیک منصوبوں نے بڑی پیش رفت حاصل کی ہے جس سے معاشی استحکام اور عوام کی فلاح و بہبود کو یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس نے ملک کے لیے اعلیٰ معیار کے ہنرمندوں کی تربیت بھی جاری رکھی ہے۔ ان کی رائے تھی کہ سی پیک منصوبوں میں تمام پاکستانی عملے نے اپنی محنت سے یہ پیش رفت ممکن بنائی۔ چینی سفارتخانہ جمعہ کو سی پیک منصوبے کے نمایاں پاکستانی عملے کو ایوارڈ دینے کی تقریب منعقد کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔ چینی سفارت خانے کے ڈائریکٹر پولیٹیکل نے اعلان کیا کہ ایوارڈ جیتنے والے سی پیک تعاون کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے نمایاں نمائندوں کے عملے ہیں اور پاکستان چین تعاون کے تنوع کا مظاہرہ کرتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید