لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی نے گوادر کے پرامن مظاہرین پر پولیس کریک ڈاؤن کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور مرکزی و صوبائی حکومت کے غیر جمہوری اور غیر آئینی ظالمانہ اقدام کے خلاف آج تمام صوبائی ہیڈکوارٹرز میںا ور جمعہ کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا۔امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ تینوں بڑی پارٹیوں نے مل کر ملک کی معیشت اور اخلاقیات کا جنازہ نکالا، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اورپی ٹی آئی کو اسٹیبلشمنٹ نے استعمال کیا اور ٹرائیکا نے مل کر عوام کا استحصال کیا، فوجی گملوں میں پلنے والوں کی نظر ہر لمحہ پنڈی کے گیٹ نمبر 4 پر ہے۔ ملک مافیاز، قبضہ گروپوں، ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے چنگل میں ہے، پاکستان کے اندر دو پاکستان بن چکے، ایک ظالم اشرافیہ دوسرا مجبور مظلوم کروڑوں افراد کے لیے۔ حکمران جماعتوں کی پالیسیوں میں تسلسل، انھوں نے مل کر ملک کی معیشت اور اخلاقیات کا جنازہ نکالا۔ حکمران اشرافیہ ایکسپوز ہو گئی، یہ دو فیصد لوگ اور پاکستان ایک ساتھ نہیں چل سکتے، ملک کو انقلاب کی ضرورت ہے۔