• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کہتے ہیں کہ حرکت میں برکت ہے۔ اسی طرح ذہنی اور جسمانی طور پر فٹ اور صحت مند رہنے کے لیے حرکت میں رہنا ضروری ہے۔ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ ہر روز آدھے گھنٹے کی جسمانی ورزش آپ کو صحت مند طرزِ زندگی کی جانب گامزن کرسکتی ہے۔ یہ ورزش چہل قدمی، جاگنگ، سائیکلنگ اور گارڈننگ سے لے کر کچھ حد تک مشکل کاموں جیسے رننگ، پش اَپس یا ویٹ لفٹنگ پر مشتمل ہوتی ہے۔

اگر آپ اپنی سہولت اور سکت کے مطابق کسی بھی ایک یا ایک سے زائد ورزش کو مستقل بنیادوں پر کرتے رہیں گے تو آپ اپنے اندر ایک نئی توانائی اورتازگی پائیں گے۔ ویسے بھی ایک صحت مند زندگی محض خواب دیکھنے سے نہیں ملتی بلکہ اس کیلئے عملی اقدامات کرنے پڑتے ہیں۔ صحت مند زندگی گزارنے سے متعلق ذیل میں دیے گئے کچھ مشورے آپ کو طویل مدت میں بڑے فائدے دے سکتے ہیں۔

وزن میں اعتدال

بیٹھے بیٹھے کام کرتے رہنا، افراتفری میں پیٹ بھرنا یعنی لگا بندھا لائف اسٹائل آپ کے جسم کو موٹاپے کی طرف مائل کرتا ہے یا وزن میں زیادتی کا باعث بنتا ہے۔ جسم میں چربی نہ بڑھنے دینے یا ایک صحت مند وزن اپنائے رکھنے کے لیے آپ کو روزانہ کی بنیاد پر کچھ سرگرمیاں اپنانے کی ضرورت ہوتی ہے۔

ذہنی دباؤ سے محفوظ رہیں

زندگی گزرتی چلی جاتی ہے اور آپ اپنے مکمل ہونے اور ادھورے رہنے والے ٹِک باکسز پر نشان لگاتے رہ جاتے ہیں۔ کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ کرنے اور نہ کرنے کے کاموں کے بارے میں فیصلہ کرنے کیلئے آپ اپنے دماغ پر کچھ زیادہ ہی بوجھ ڈال دیتے ہیں، جس کی وجہ سے آپ کو ذہنی تناؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے؟

’’تھنگس ٹو ڈو لسٹ‘‘ کو پرے رکھتے ہوئے اٹھیں اور اپنا ’’ می ٹائم‘‘ شروع کریں۔ کسی بھی قسم کی جسمانی سرگرمی یا ورزش سے آپ کے جسم میں خوشی والے ہارمونز’ اینڈورفنز‘ جاری ہوتے ہیں۔ یہ ہارمونزآپ کے ذہنی دباؤ کو دورکرتے ہوئے مثبت توانائی پیدا کرتے ہیں ،جس سے آپ کا موڈ اچھا ہو جاتا ہے۔

چلتے پھرتے، کام کاج میں مصروف 

ہمارا جسم ایک مشین کی طرح ہے ، جیسے مشین کچھ عرصے استعمال نہ ہو تواس کی کارکردگی متاثر ہوتی ہے، اسی طرح اگر ہمارا جسم بھی حرکت میں نہیں رہے گا تو پھر کسی کام کا نہیں رہے گا۔ ساکن طرزِ زندگی آپ کو جوڑوں اور پٹھوں میں درد، کمزوری، آسٹیوپوروسس اور جسمانی کمزوری ہی دے سکتا ہے۔ روزانہ کی باقاعدہ ایکسرسائز آپ کے جسم میں موجود ہڈیوں، پٹھوں اور جوڑوں کو تقویت فراہم کرتی ہے اور آپ کسی بھی کام کو مستعدی سے انجام دینے کے قابل ہوجاتے ہیں۔

توانائی بڑھانے پر توجہ

ہر صبح تھکن کے باعث اگر آپ کو اٹھنے میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہو یا دوپہر کا کھانا کھانے کے بعد آپ کا بالکل بھی ہلنے کو جی نہ کرتا ہو، تو ایسے میں آپ کو آدھے گھنٹے کے لیے چہل قدمی پرنکل جانا چاہیے۔ روزانہ کی چہل قدمی یا جاگنگ ایکسرسائز آپ کے اندر توانائی کی سطح میں اضافے کا باعث بنتی ہے۔ یہ عمل اپنانے سے کچھ عرصے بعد آپ ہر صبح ہشاش بشاش اٹھیں گے اور آپ کو دوپہر میں کھانے کے وقفے کے بعد غنودگی بھی تنگ نہیں کرے گی۔

نیند کو نظرانداز نہ کرنا

کسی بھی قسم کی جسمانی سرگرمی آ پ کی توانائی کو بڑھانے کا باعث ہوتی ہے لیکن ساتھ ہی آ پ کو تھکن بھی ہوجاتی ہےاور جب جسم ریلیکس کرتا ہے تو آپ کو اچھی نیند آتی ہے۔ ورزش کے دوران خوشی کے ہارمونز ’اینڈورفنز‘ آپ کو ذہنی طور پر آرام کرنے میں مدد دیتےہیں اور آپ سکون بھری نیند لیتے ہیں۔

کیلوریز بھگائیں

چھوٹی چھوٹی ایکسرسائز جیسےروزانہ چند منٹ کی جاگنگ، واکنگ اور سوئمنگ آپ کو مضبوط بناتی ہیں۔ رننگ اور سائیکلنگ جیسی ایکسرسائز ایک ہی وقت میں آپ کی کیلوریز بھی جلاتی ہیں اورآپ کا اسٹیمنا بھی بڑھاتی ہیں۔ اگر آپ گھر سے باہر نہیں جاتے تو گھر میں ہی ٹریڈ مل پر رننگ یا جاگنگ کرسکتے ہیں۔ آرام دہ حالت میں دل ودماغ کو سکون پہنچانے کیلئے یوگا کرنے میں بھی کوئی مضائقہ نہیں۔ اس کے علاوہ ہفتہ وار مشکل ایکسرسائز جیسے اسکواٹ، جمپنگ اور ڈمبلنگ بھی آپ کے اسٹیمنا کو مزید بڑھاسکتی ہیں۔

ورزش مت چھوڑیں

موسم خواہ کتنا ہی شدید کیوں نہ ہو اورآپ کتنے ہی مصروف کیوں نہ ہوں، کوشش کرکے ہلکی پھلکی اسٹریچنگ ایکسرسائز کے لئے وقت نکال لیا کریں۔ سیڑھیاں چڑھنا، اترنا، آفس میں کام کے دوران تھوڑے تھوڑے وقفے کے بعد کھڑے ہونا اور کمرے یا کوریڈور میں تھوڑی بہت چہل قدمی کرنا، یہ ایسے طریقے ہیں کہ جن پر عمل کر کے آپ اپنے مسلز اور جوڑوں کو آرام پہنچا سکتے ہیں۔ اگر آپ خاتون خانہ ہیں تو فٹ رہنے کے لئے گھر کی صفائی ستھرائی اور اسے ترتیب دینے کا کام خود بھی سر انجام دے سکتی ہیں۔

منرلز اور وٹامنز

ویسے تو چھ منرلز اور وٹامنز ہر شخص کے لیے انتہائی اہم ہوتے ہیں لیکن یہاں ہم صرف وٹامن ڈی کی اہمیت اور افادیت پر بات کریں گے۔ ایک تحقیق کے مطابق صبح کی نرم دھوپ میں چند منٹ گزارنا وٹامن ڈی کے حصول میں بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔ اس عمل سے جسم میں وٹامن ڈی کی کمی پوری ہوتی ہے، جو ہڈیوں اور پٹھوں وغیرہ کی صحت کے لئے ضروری ہے۔ 

لہٰذا آپ کو چاہیے کہ گھر کے ٹیرس یا بالکونی کو اس طور سے ترتیب دیں کہ وہاں صبح کے وقت کچھ دیر بیٹھ کر تازہ ہوا اور دھوپ کی مدھم کرنوں سے لطف اندوز ہوا جاسکے۔ اس کے علاوہ براہ راست سورج کی شعاعوں سے اپنے آپ کو بچائیں، تاہم گھر میں دھوپ اور ہوا کی آمدورفت کو یقینی بنائیں تا کہ گھر کا ماحول صحت مند رہے۔

صحت سے مزید