پشاور(نمائندہ جنگ)پشاور ہائیکورٹ کے دو بنچز نے دہشت گردی کے الزام میں فوجی عدالت سے سزائے موت پانے والے 5ملزمان کی سزا معطل کردی اور اپیلوں کی مزید سماعت دورکنی بنچ کومنتقل کرنےکے احکامات جاری کردیئے، ملزمان کو ایکشن ان ایڈ آف سول پاورز ریگولیشن کے تحت سزا سنا ئی گئی۔ گزشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے دہشت گردی کے الزام میں ملٹری کورٹ سے سزائے موت پانے والے 5ملزمان کی سزا کے خلاف دائر اپیل کی سماعت کی۔ اس موقع پر ملزمان کی جانب سے شبیر حسین گیگیانی ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔ استغاثہ کے مطابق ملزمان محمد منیر، شرافت علی، انور علی، رحمت علی اور محمد علی ساکنان سوات 2010 سے دہشت گردی کے الزام میں حراست میں ہیں جنہیں مختلف حراستی مراکز میں رکھا گیا اس دوران ملٹری کورٹ نے ملزمان کو ایکشن ان ایڈ آف سول پاورز ریگولیشن کے تحت سزائے موت کی سزا سنا کر ملزمان کو سنٹرل جیل پشاور منتقل کردیا۔ ملزمان نے سزا کے خلاف پشاور ہائیکورٹ سے رجوع کیا ۔ پشاور ہائیکورٹ نے سزائیں معطل کرتے ہوئے کیس دو رکنی بنچ کے سامنے لگانے کے احکامات جاری کردیئے۔ واضح رہے کہ اس نوعیت کی متعدد درخواستیں زیر سماعت ہیں۔