• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک دیوالیہ ہو چکا، ٹیکنوکریٹ شوشا مسائل کا حل نہیں، سراج الحق

لاہور(نمائندہ جنگ)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک معاشی، سیاسی ، اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ ہو چکا ہے، ٹیکنوکریٹ حکومت کے شوشے مسائل کا حل نہیں، بحران سے نکلنے کا واحد راستہ الیکشن ہے، مگر انتخابات سے قبل الیکشن ریفارمز ہونی چاہئیں، موجودہ ماحول میں بغیر اصلاحات کے انتخابات ہوئے تو نتائج کوئی تسلیم نہیں کرے گا، مسائل میں مزید اضافہ ہو گا۔پریس کانفرنس کرتے ہوئے انھوں نے اعلان کہا کہ جماعت اسلام آج جمعہ کو گوادر کے عوام کے حقوق کے لیے ملک گیر سطح پر ”یوم یکجہتی بلوچستان“ منائے گی جس کے تحت تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں مظاہروں اور ریلیوں کا انعقاد کیا جائے گا۔امیر جماعت نے اس تاثر اور پروپیگنڈہ کو دوٹوک الفاظ میں مسترد کیا کہ گوادر کے عوام کا احتجاج سی پیک کے خلاف ہے۔ حکومت اور ”گوادر کو حق دو تحریک“ کے درمیان نو ماہ قبل جو معاہدہ ہوا جماعت اسلامی نے اس کے لیے کردار ادا کیا تاہم حکومت نے معاہدے کی پاسداری نہیں کی جس پر احتجاج اور دھرنے کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی تشدد کی سیاست کو مسترد کرتی ہے بھلے یہ کسی طرف سے ہو۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت مظاہرین کے ساتھ مذاکرات کرے، طاقت کے زور پر عوام کو ان کے حقوق سے دستبردار کرانے کی حکومتی پالیسیاں پہلے کبھی کامیاب ہوئی تھیں نہ اب ہوں گی۔نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا کہ ماضی میں فوجی حکومت، قومی حکومت، ٹیکنوکریٹ حکومتوں کے قیام کے شوشے، منصوبے ناکام ہو گئے، ریاستی متشدد قوتیں مزید غلط اور تباہی کے تجربات نہ کریں۔ پاکستان کی ضرورت شفاف، غیرجانبدارانہ انتخابات کے نتائج تسلیم بھی کریں، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ سیاسی جمہوری جماعتیں قیادتیں ضد، انا، ہٹ دھرمی اور میں ناں مانوں کی روش ترک کریں، سیاسی بحرانوں کا سیاسی حل تلاش کریں، انتخابی اصلاحات کے لیے قومی جمہوری ڈائیلاگ کیا جائے۔لیاقت بلوچ نے صحافیوں کے سوالات کے جواب میں کہا کہ ملی یکجہتی کونسل اتحادِ امت عالمی کانفرنس منعقد کرے گی، اہم ترین اسلامی ممالک کے علما، دانشور اور مشائخ کو مدعو کیا جا رہا ہے۔ اتحاد امت عالمی کانفرنس کی تفصیلات طے کرنے کے لیے انتظامی کمیٹی کا اجلاس 4جنوری 2023ء کو اسلام آبادمیں منعقد ہو گا۔
اہم خبریں سے مزید