پشاور میں ساتویں قومی مردم شماری کی اہمیت پر عوامی شعور بیدار کرنے کی غرض سے گرینڈ عوامی آگہی واک ہوئی جس کا اہتمام سنسس ڈویژن اسلام آباد اور دفتر شماریات پشاور نے صوبائی محکمہ بلدیات، انتخابات و دیہی ترقی کے تعاون سے کیا تھا۔ واک کا آغاز دفتر شماریات سٹیٹ لائف بلڈنگ سے ہوا اور فخر عالم روڈ، گرین شادی ہال، سٹیٹ بینک بلڈنگ اور کینٹ ریلوے اسٹیشن سے ہوتا ہوا پریس کلب پشاور پر اختتام پذیر ہوگیا۔ پشاور میں شدید بارش کے باوجود واک میں سرکاری ملازمین کے علاؤہ تاجر و صنعتکار برادری، علماء، وکلاء، طلبہ اور اساتذہ سمیت تمام طبقہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے شرکت کی۔ شرکاء نے واک کے دوران ساتویں قومی اور ملک کی پہلی ڈیجیٹل مردم شماری کی اہمیت پر مبنی پلے کارڈز تھام رکھے تھے۔