کراچی (عبدالماجد بھٹی) پاکستانی ٹیم انتظامیہ نیوزی لینڈ کے خلاف کراچی کے دوسرےٹیسٹ میں تین فاسٹ بولروں کو کھلانے پر غور کررہی ہے۔میر حمزہ اور محمد وسیم جونیئر کے ساتھ نسیم شاہ فٹ ہوکر میچ میں حصہ لیں گے۔پاکستان تین فاسٹ بولرز اور ریگولر اسپنر ابرار احمد کو کھلاسکتا ہے۔لیفٹ آرم اسپنرنعمان علی کو آرام دیا جائے گا۔کیوریٹر نے پہلے ٹیسٹ کے مقابلے میں دوسرے ٹیسٹ کے لئے ایسی پچ بنائی ہے جس پر فاسٹ بولروں کو بھی مدد ملے گی۔تاہم پچ بیٹسمینوں کو بھی مدد کرے گی۔چوتھے دن سے پچ پر اسپنرز کو مدد ملے گی۔ہفتے کو چیف سلیکٹر شاہد خان آفریدی نے ساتھی سلیکٹر ہارون رشید کے ساتھ نیشنل اسٹیڈیم کی پچ کا معائنہ کیا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں باؤنسی وکٹ تیار کرنے کی کوشش کریں گے، یہ درست نہیں کہ اکیلا شو چلا رہا ہوں، جن پچز پر ہم نے کھیلا ہے اس سے بولرز کو کافی نقصان ہوسکتا ہے، دوسرے ٹیسٹ کے لیے باؤنسی وکٹ کی کوشش کریں گے تاکہ تماشائیوں کو بھی میچ دیکھنے کا مزہ آسکے اس طرح کی پچوں پر کسی طرح کرکٹ کو فائدہ نہیں ہوگا۔شاہد آفریدی نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے خلاف جن پچز پر کھیلا اس سے ہماری کرکٹ آگے نہیں جاسکتی،سلیکشن کمیٹی کے سربراہ نے کہا کہ وکٹ کا معائنہ کیا اور کیوریٹر سے بھی رائے لی ہے ہمارے پاس تجربہ کار ٹیم موجود ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی کی پچ میں پیس بولروں کے لئے بھی مدد موجود ہے اس پاکستان اپنے فاسٹ بولروں کو موقع دے گا۔کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ پہلے ٹیسٹ کے لئے جن ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا گیا تھااسی میں سے گیارہ کھلاڑی کپتان اور کوچ کی مشاروت سے منتخب کئے جائیں گے۔نسیم شاہ مکمل فٹ ہوگئے ہیں اور ہفتے کو انہوں نے پاکستان کپ کے میچ میں شرکت نہیں کی۔ذرائع کا کہنا کہ پاکستان کی بیٹنگ لائن اپ میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی البتہ بولنگ لائن میں اسپنر نعمان علی کو آرام دے کر نسیم شاہ کو کھلایا جائے گا۔اگر بابر اعظم چاہیں گے تو میر حمزہ یا محمد وسیم میں سے کسی ایک کو ڈراپ کرکے تجربہ کار حسن علی کو بھی موقع دیا جاسکتا ہے۔ٹیسٹ میچ ڈرا ہونے کے بعد ہفتے کو دونوں ٹیموں نے مکمل آرام کیا۔