اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی )وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے عمران خان کے ٹویٹ پر اپنے جواب میں کہا ہے کہ فارن ایجنٹ کو افسوس ہے کہ ملک کو دیوالیہ کرنے کی کمٹمنٹ پوری نہیں ہوئی، دو سال تک اقتدار میں ہوتے ہوئے بلدیاتی الیکشن کیوں روکے عمران صاحب؟،الیکشن سے فارن ایجنٹ اور توشہ خانہ چور بھاگ رہا ہے۔ہفتہ کو اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ عدم اعتماد کے ووٹ کا حق استعمال کر کے فارن ایجنٹ کو پارلیمان سے باہر پھینکا تھا۔ انہوں نے سوال کیا کہ دو سال تک اقتدار میں ہوتے ہوئے بلدیاتی الیکشن کیوں روکے عمران صاحب؟۔ پی ٹی آئی نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں الیکشن کرانے کی ” کمٹمنٹ” کی تھی، اس کا کیا ہوا؟۔انہوں نے کہا کہ ایک کروڑ نوکری اور پچاس لاکھ گھر دینے کی ” کمٹمنٹ” کی تھی، اس کا کیا ہوا؟ ۔ آپ ”کمٹڈ” صرف لوٹ مار، جھوٹ اور فراڈ سے تھے اور ہیں۔ مریم اورنگزیب نے کہا کہ آپ کی ” کمٹمنٹ” صرف فارن فنڈنگ لینے، توشہ خانہ کی چوری، پاکستانی معیشت دیوالیہ کرنے کی تھی، آپ کی ” کمٹمنٹ” صرف تاریخی قرضے ملک پر لادنے اور عوام کو مہنگائی میں غرق کرنے کی تھی، آپ کی” کمٹمنٹ”صرف کشمیر کا سودا کرنے اور قومی مفاد بیچنے سے تھی ۔