کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ اور مکی آرتھر میں معاملات طے پانے کے قریب ہے۔ ثقلین مشتاق کی جگہ مکی آرتھر کو ہیڈ کوچ بنانے کے لئے نجم سیٹھی نے پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی سے منظوری لے لی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ گزشتہ دور پر احتساب کریں گے تو اسے انتقامی کارروائی قرار دیا جائے گا، ڈائریکٹر ایچ آر سرینا آغا نے استعفیٰ دیا ، ہم نے قبول کر لیا ہے۔ پی سی بی میں بھاری تنخواہیں برداشت نہیں کر سکتے، ان میں لازمی کمی کریں گے، ملازمین کو کہہ دیا ہے کہ جسے تنخواہ میں کٹوتی قبول نہیں وہ استعفیٰ دے کر گھر جاسکتا ہے۔ نجم سیٹھی نے کہا کہ پی ایس ایل کے میچز کوئٹہ میں کرانے سے متعلق ہوم ورک کررہے ہیں ۔ بگٹی اسٹیڈیم کی تزئین و آرائش شروع ہوچکیہے۔ اگر پی ایس ایل تک اسٹیڈیم تیار نہ ہوا تو پھر پشاور اور کوئٹہ کا بگٹی اسٹیڈیم میں نمائشی میچ کرایاجائے گا۔