بیجنگ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) چین میں کورونا وائرس کے کیسز میں غیر معمولی اضافے کے باعث آسٹریلیا ، کینیڈا اور فرانس نے بھی چینی مسافروں پر پابندیاں لگادیں، چین سے آنے والے تمام چینی مسافروں کے لئے کورونا کے منفی ٹیسٹ کی ضرورت ہوگی ، تازہ پابندیوں کا اقدام ایسے وقت پر اٹھایا گیا جب چین کے اسپتالوں میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد غیرمعمولی ہوگئی ہے۔ آسٹریلوی وزیر صحت مارک بٹلر نے مذکورہ پابندی کے حوالے سے کہا کہ بیجنگ میں کورونا کے بارے میں جامع معلومات کی عدم فراہمی کی بنیاد پر فیصلہ کیا گیا اور اس کا اطلاق 5 جنوری سے ہو گا۔