لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا سودی نظام کی وجہ سے ملک میں غربت و معاشی بدحالی ہے،عوام کا پیسہ لوٹ کر بلاول کبھی کبھی پاکستان آتے ہیں۔اقصی گراؤنڈ بدین میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام غربت، مہنگائی بے روزگاری، سودی نظام کیخلاف عوامی جلسہ عام سے خطاب میں انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت سیاسی، معاشی، اخلاقی لحاظ سے دیوالیہ ہوگیا ہے،حکمرانوں کی لوٹ مار کی وجہ سے آج سندھ تباہی کے دہانے پر ہے،غربت و مہنگائی کے خلاف کراچی سے اسلام آباد مارچ کرنے والے بلاول بھٹو سندھ کی بدحالی، غربت و بے روزگاری پر کیوں خاموش ہیں،قوم کی مائیں بہنیں بیٹیاں دھکے کھا رہی ہیں اور حکمران ہیلی کاپٹر میں مزے لے رہے ہیں، سیلاب زدگان کی امداد کا پیسہ کھانے والے حکمرانوں سے نجات کیلئے جماعت اسلامی کا ساتھ دیں۔