• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز شریف کو کویتی وزیراعظم کا فون، مل کر کام کرنے پر اتفاق

اسلام آباد (اے پی پی) وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کو کویت کے وزیر اعظم عزت مآب شیخ احمد نواف الاحمد الجابر الصباح سے ٹیلی فونک گفتگو کی ہے۔ دونوں رہنمائوں نے قریبی رابطے میں رہنے اور پاکستان اور کویت تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ شہباز شریف نے کویتی وزیر اعظم کو 9 جنوری 2023 کو جنیوا میں منعقد ہونے والی کلائمیٹ ریزیلیئنٹ پاکستان پر بین الاقوامی کانفرنس سے آگاہ کیا اور کانفرنس میں کویت کی اعلیٰ سطح پر شرکت کی درخواست کی۔ وزیر اعظم آفس میڈیا ونگ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق کویتی وزیر اعظم نے کلائمیٹ ریزیلیئنس پر پاکستان کے اقدامات کی بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم پاکستان نے کویت کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور کویت کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، محنت اور دیگر اہم شعبوں سمیت گہرے اقتصادی روابط قائم کرنے کے عزم پر زور دیا۔ وزیراعظم نے کثیرالجہتی فورمز پر دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ کویت کے وزیر اعظم نے پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کی خواہش کا یقین دلایا۔ دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے اور باہمی دلچسپی کے تمام امور پر مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔
اہم خبریں سے مزید