• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سراج الحق کا مہنگائی کیخلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کا اعلان

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تاریخ کی بدترین مہنگائی کے خلاف ملک گیر احتجاجی تحریک کے آغاز کا اعلان کر دیا۔ ہفتہ کو منصورہ میں مرکزی قائدین سے گفتگو اور تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے جماعت اسلامی کے کارکنوں کو تمام ضلعی اور تحصیل ہیڈکوارٹرز میں اتوار (آج) سے آٹے کی قلت، چکن، گھی، چینی، دالوں اور دیگر اشیائے ضروریہ کی آسمان سے باتیں کرتی ہوئی قیمتوں کے خلاف مظاہرے کرنے کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے احتجاج میں بھرپور شرکت کی اپیل کی۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ اسٹیبلشمنٹ کا فیڈر پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے منہ میں ہے، پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ایکسپوز ہوگئے، ثابت ہوگیا کہ ٹرائیکا کی پوٹلی میں مسائل کے حل کے لئے کچھ نہیں، تینوں اپنی ناکامی کا اعتراف کریں۔ ٹرائیکا کی پالیسیاں یکساں ہیں، ان کی لڑائی صرف ذاتی مفادات کی حد تک ہے۔ عوام کو آزمائی ہوئی پارٹیوں سے جان چھڑانا ہوگی، جماعت اسلامی ہی عوام کی واحد ترجمان ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ہر شہر میں لوگ آٹا خریدنے کے لئے لائنوں میں لگے ہیں، بے حس حکمرانوں کو رتی برابر فرق نہیں پڑ رہا۔ ان نام نہاد بڑوں نے قرضے ہڑپ کئے، اپنی جائدادیں اور دولت بنائی، انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ یہ کرپشن ختم کرنے کو تیار ہیں نہ سودی معیشت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کا فیڈر پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے منہ میں ہے اور یہ تینوں اپنی سیاست کے لئے اسٹیبلشمنٹ پر ہی انحصار کرتے ہیں۔ امیر جماعت نے کہا کہ مسائل کا حل اسلامی نظام ہے اور صرف جماعت اسلامی ہی ملک میں حقیقی احتساب، عدل و انصاف کا بول بالا اور قانون کی بالادستی قائم کر سکتی ہے۔
اہم خبریں سے مزید