ملتان (سٹاف رپورٹر)ضلع ملتان میں آوارہ کتوں کی بھرمار سے عام شہری خوف کا شکار ہو گئے، ایک سال کے دوران کتوں کے کاٹنے سے ایک خاتون جاں بحق جب کہ 175 مرد ، خواتین اور بچے زخمی ہوئے، آوارہ کتوں کی تلفی کے تمام تر دعوے ناکام رہے،جنوبی پنجاب کے سب سے اہم ضلع ملتان میں آوارہ کتوں کے حملوں نے خوف کی فضا پیدا کر دی، ملتان شہر سمیت تحصیلوں شجاع آباد اور جلالپور پیر والہ میں مسلسل کتوں کے کاٹنے کے واقعات سے مرد، بزرگ خواتین، بچے اور جوان نشانہ بنے ہیں ،ریسکیو کے اعدادو شمار کے مطابق ایک سال کے دوران کتوں کے کاٹنے سے ایک خاتون جاں بحق جبکہ 175 افراد زخمی ہوئے، ریسکیو نے 140 متاثرین کو ہسپتالوں میں منتقل کیا جبکہ دیگر کو موقع پر ابتدائی طبی امداد دی گئی کارپوریشن ، ضلع کونسل ، محکمہ ہیلتھ، سمیت دیگر اداروں نے آوارہ کتوں کے خلاف مہم چلانے کے اعلانات تو کیے لیکن عملی طور پر اقدامات دیکھنے میں نہ ائے اور آوارہ کتوں کے وار جاری رہے ، شہریوں نے انتظامیہ سے ایکشن لینے کا مطالبہ بھی کیا ہے۔