کراچی ( نصر اقبال/اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ سیگفرائیڈ ایکمین کی تنخواہ اور بقایا جات کی ادائیگی کے حوالے سے پاکستان اسپورٹس بورڈ اور بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے رابطہ اور معاہدے کے مطابق پی ایس بی سے ادائیگی کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہالینڈ سے تعلق رکھنے والے کوچ نے تنخواہ روکنے کا معاملہ ایف آئی ایچ اور عالمی میڈیا میں اٹھانے کی دھمکی دے دی ہے اور پی ایچ ایف سے واضح طور پر اس معاملے کو جلد حل کرنے کو کہا ہے۔ انہوں نے تنخواہ کی ادائیگی تک مزید کام کرنے سے بھی انکار کردیا ہے، پی ایچ ایف کی درخواست پر پاکستان اسپورٹس بورڈ نے دستخط شدہ چیک پی ایچ ایف کو جاری کرنے کے بارے میں اپنے گورننگ بورڈ سے منظوری لینے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اجلاس اس ماہ کے آخر میں ہوگا، ہیڈ کوچ کے سات ماہ کے بقایا جات کے علاوہ دو ماہ کی تنخواہ الگ ہے اس طرح انہیں نوے لاکھ روپے کا چیک جاری کیا جائے گا۔ پی ایس بی نے پی ایچ ایف کے اگست میں ہونے والے انتخابات تاحال تسلیم نہیں کئے ہیں جس کی وجہ سےفیڈریشن کو چیک جاری کرنے میں قانونی مشکلات کا شکار ہیں۔