• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی اماراتی صدر، وزیراعظم سے ملاقات، دو طرفہ امور پر گفتگو

ابوظبی/دبئی(آئی این پی) پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان اور وزیر اعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقاتیں کیں جس میں دوطرفہ امور ‘دفاع اور فوجی شعبے میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔منگل کے روز جنرل عاصم منیر نے متحدہ عرب امارات کے دورے پر ابوظبی پہنچنے کے بعد اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی جنہوں نے آرمی چیف کو پاک فوج کی کمان سنبھالنے پر مبارک باد دی اور فرائض کی ادائیگی میں کامیابی کی خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر دونوں شخصیات نے پاک امارات دفاعی اور عسکری تعاون پرتبادلہ خیال کیا اور اس حوالے سے مشترکہ حکمت عملی پرگفتگو کی۔بعد میں آرمی چیف نے دبئی میں متحدہ عرب امارات کے وزیراعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم سے بھی ملاقات کی ۔دبئی کے زعبیل محل میں دونوں شخصیات نے ملاقات کے دوران دفاعی اور عسکری امور مضبوط کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔

اہم خبریں سے مزید