پشاور ( وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے پشاور کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی،کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پر 53 دکانداروں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر انتظامی افسران نے اندرون شہر بازاروں، کوہاٹ روڈ، رنگ روڈ، چارسدہ روڈ، دلہ زاک روڈ،جی ٹی روڈ، پجگی روڈ،باڑہ روڈ،پشتخرہ روڈ، حیات آباد، ارباب روڈاور دیگر علاقوں میں بازاروں کا معائنہ کیا۔کارروائیوں کے دوران گرانفروشی، سرکاری نرخ نامے کی عدم موجودگی، کم وزن روٹی اورصفائی ناقص صورتحال پرمختلف علاقوں سے مجموعی طور پر53 دکانداروں کو گرفتار کر لیا گیا۔ان گرفتار دکانداروں میں سبزی و پھل فروش، نانبائی، قصاب، شیر فروش، جنرل سٹور مالکان اور دیگر شامل ہیں۔ ان گرفتار دکانداروں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر کے مطابق صوبائی دارلحکومت میں انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر سبزی و پھل منڈیوں میں سرکاری نرخ نامہ جاری کرتے ہیں اور بعد میں پشاور بھر میں سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ڈپٹی کمشنر شفیع اللہ خان نے انتظامی افسروں کو پشاور بھر میں بازاروں کا مسلسل معائنہ کرنے کا حکم دیا اور گرانفروشی کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی ۔