• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرویز الہٰی، 186 ارکان کا اعتماد، اجلاس غیر آئینی، تسلیم نہیں کرتے، رانا ثناء، اپوزیشن نے ووٹنگ کا بائیکاٹ کردیا

لاہور(ایجنسیاں‘جنگ نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب پرویزالٰہی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب‘ 186ارکان نے اعتماد کا اظہار کردیا ۔ اپوزیشن کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے عمل کا بائیکاٹ کیا گیا اور اراکین ایوان سے باہر چلے گئے۔اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی‘ نعرے بازی اور شورشرابہ ہوا‘ اس دوران حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے مابین ہاتھا پائی ہوئی اور کرسیاں چل گئیں۔ 

تفصیلات کے مطابق اسپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان کی زیرصدارت رات 12 بجے کے بعد نیا سیشن شروع ہوا اور ایجنڈا جاری کیا گیاجس کے بعد وزیر اعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ کے لیے قرار داد پیش کر دی گئی جبکہ اپوزیشن کی جانب سے احتجاج کیا گیا تاہم اسپیکر نے 5 منٹ تک اعتماد کے ووٹ کے لیے گھنٹیاں بجائی۔ 

اپوزیشن کی جانب سے شور شرابے کے دوران پنجاب اسمبلی میں وزیر اعلیٰ پر اعتماد کے ووٹ کی قرار داد پیش کردی گئی۔اسپیکر سبطین خان نے کہا کہ میاں اسلم اقبال اور راجا بشارت کی طرف سے قرارداد کا نوٹس ملا ہے، اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری کچھ دیر میں کرائی جائے گی۔اسپیکر نے اسمبلی کے تمام دروازے بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کسی کو بھی اندر آنے کی اجازت نہ دی جائے۔ 

اپوزیشن کی جانب سے اعتماد کے ووٹ کے عمل کا بائیکاٹ کیا گیا اور اراکین ایوان سے باہر چلے گئے۔ بعدازاں رائے شماری کا عمل شروع ہوا اور تمام ارکان نے باری باری جاکر اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ووٹنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد گنتی ہوئی اور پھر اسپیکر سبطین خان نے اعلان کیا کہ چوہدری پرویز الہیٰ نے بطور قائد ایوان اعتماد کا ووٹ حاصل کرلیا ہے۔ان کو 186ارکان کا ووٹ ملا ہے ۔

قبل ازیں وزیراعلیٰ پرویز الٰہی گھنٹوں انتظار کرنے کے بعد اسمبلی پہنچ تھے، وقفے میں پی ٹی آئی اور ق لیگ کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس وزیراعلیٰ کی زیر صدارت جاری رہا۔ایوان میں حاضری رجسٹرز کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کے181 ارکان نے حاضری لگائی۔

اہم خبریں سے مزید