کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) سندھ ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت اور بلدیاتی انتخابات کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست پر ایڈووکیٹ جنرل سندھ کو جمعرات صبح 11 بجے تک جواب کرانے کی ہدایت کردی۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو کی سربراہی میں دو رکنی بنچ کے روبرو الیکشن کمیشن کے نامکمل کورم اور اقدامات کی قانونی حیثیت سے متعلق بلدیاتی الیکشن کے خلاف ایم کیو ایم کی درخواست کی سماعت ہوئی۔ ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا بلدیاتی الیکشن کا نوٹیفکیشن نامکمل الیکشن کمیشن نے جاری کیا تھا۔ جسٹس محمد اقبال کلہوڑو نے ریمارکس دیئے کہ بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ تو ہوچکا ہے اور یہ الیکشن تو سپریم کورٹ کے حکم کے بعد ہو رہے ہیں۔ متحدہ وکیل نے کہا سپریم کورٹ نے آئین کے مطابق الیکشن کرانے کا حکم دیا تھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ اگر الیکشن کمیشن مکمل نہیں تھا تو پہلا مرحلہ بھی تو ہوا ہے۔ ایم کیو ایم کے وکیل نے کہا جب نوٹیفکیشن جاری کیا گیا اس وقت کمیشن میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے نمائندے نہیں تھے۔