کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر ، نیوز ایجنسی ) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ MQM اکٹھی رہے یا الگ الگ، شکست سے نہیں بچ سکتی، منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام ان لوگوں کو پہچان چکے ہیں جنہوں نے شہر تباہ کیا، جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمنٰ نے ادارہ نور حق میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد پر دی جانے والی دھمکی پر الیکشن کمیشن، سندھ حکومت، حکومت پاکستان اور لاء اینڈ آرڈر انفورسمنٹ ایجنسیوں اور اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ ایک آئینی و قانونی اور جمہوری عمل کے خلاف ایم کیو ایم کی دھمکی کا نوٹس لیں، بلدیاتی الیکشن کیخلاف سازش میں پیپلز پارٹی اور سندھ حکومت بھی اندرون ِ خانہ ملی ہو ئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ کراچی میں بلدیاتی الیکشن مقررہ وقت پر ہونے چاہئیں، اس میں کسی قسم کا دباؤ قابل قبول نہیں، عوام سے بنیادی جمہوری اور آئینی حق کوئی نہیں چھین سکتا، ۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ جماعت اسلامی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کریں اور بلدیاتی الیکشن میں جماعت اسلامی کو کامیاب کرائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ہم عوام کے جائز و قانونی اور جمہوری حقوق کے حصول اور مسائل کے حل کی جدو جہد جاری رکھیں گے، بلدیاتی انتخابات کے خلاف سازشیں بند اور 15جنوری کو عوام کو ان کی آزاد مرضی سے بلدیاتی امیدواروں کو ووٹ دینے کے لئے پُر امن اور شفاف انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور اس کے لیے ہر پولنگ اسٹیشن کے باہر اسٹیٹک پوزیشن پر فوج اور رینجرز کے اہلکاروں کو تعینات کیا جائے، ہم نے آرمی چیف، کور کمانڈر اور ڈی جی رینجرز کو بھی تعیناتی کے لیے خط لکھا ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نورحق میں پریس کانفر نس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ کراچی کے عوام کے مینڈیٹ فروخت اور وڈیروں اور جاگیرداروں کو مضبوط کیا، ایم کیو ایم نے پی ٹی آئی کے ساتھ مل کر جعلی مردم شماری کی منظوری اور کوٹہ سسٹم کو مزید آگے بڑھاکر اہل کراچی کی پیٹھ پر خنجر گھونپا، ہم واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اب ایم کیو ایم کی دھونس اور دھمکی نہیں چلے گی،ہماری جدو جہد بلا تفریق رنگ و نسل ہے،جماعت اسلامی عوام کے اتحاد سے تمام سیاسی مافیاؤں کو شکست دے گی۔ سراج الحق نے کہا کہ ملک پر مسلط حکمران اشرافیہ نے معیشت کے ساتھ ساتھ اخلاقیات کا بھی جنازہ نکالا، انہوں نے مل کر کشمیریوں کی جدوجہد کو سبوتاژ کیا، یہ امریکی غلامی میں ایک ہیں، حکمرانوں نے قومی معیشت آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کے حوالے کی اور غیور پاکستانیوں کو عالمی سطح پر بھکاری بنا کر پیش کیا، انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی ایک ہی سکے کے مختلف رخ ہیں، یہ سب بری طرح ایکسپوز ہو گئے ہیں،اب عوام نے فیصلہ کرنا ہے۔