لاہور(نمائندہ خصوصی)امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ جنیوا کانفرنس میں امداد نہیں قرضے دیے گئے، قوم کو شرائط سے آگاہ کیا جائے۔ قوم کو شرائط سے آگاہ کیا جائے، تمام مسائل کی چابی سودی قرضےہیں، حکمرانوں کے پاس تمام مسائل کی چابی سودی قرضے اور قرضوں پر مزید قرضے ہیں۔ پی ڈی ایم، پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کی صورت میں کرپٹ ٹرائیکا غیرترقیاتی اخراجات کم کرنے کو تیار ہے نہ کرپشن،پروٹوکول اور وی آئی پی کلچر کا خاتمہ چاہتا ہے۔ 15جماعتوں کی وفاقی و صوبائی حکومتیں ملک میں استحکام نہ لا سکیں۔ مہنگائی، بے روزگاری کا طوفان جاری، معیشت، صنعت، زراعت تباہ ہو گئی، ادارے کمزور، قوم مقروض اور ہر شخص پریشان ہے۔ موجودہ اور سابقہ حکومتیں مسائل میں برابر کی ذمہ دار ہیں ، انھوں نے مل کر ملک کا نظریہ، معیشت، سیاست، سماج سب کو خطرے میں ڈال دیا، جماعت اسلامی کو بھی حکمران جماعتوں نے ساتھ ملانے کی کوشش کی، ہم نے ان کا ساتھ نہیں دیا، ہم حق کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری جدوجہد ملک میں اسلامی نظام کے لیے ہے۔ موجودہ حکمران جماعتیں اسی نظام کا تسلسل ہیں جس کے خلاف مسلمانوں نے جدوجہد کر کے پاکستان بنایا۔