لاہور(خصوصی نمائندہ) پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر ،ارکان اسمبلی شائستہ پرویز ملک ،علی پرویز ملک اور ایڈیشنل سیکرٹری اطلاعات عامر خان نے کہا ہے کہ فتنہ خان کا سیاسی سورج ڈوب چکا ان کی سیاسی لڑائی کا آغاز اب چوہدری پرویز الٰہی سے ہو چکا جس کا انجام بہت جلد قوم کے سامنے ہوگا، ملک اور قوم کے ساتھ کیا گیا کھلواڑ فتنہ خان کو بھگتنا پڑے گا، عمران نیازی کے پی اسمبلی کیوں نہیں تحلیل کررہے؟ کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کاکہناتھاکہ فتنہ خان کے تمام فتنہ دم توڑ چکے ہیں۔فتنہ خان ملک کو مزید مشکلات میں پھنسانا چاہتا ہے لیکن اس وقت ملک کی بھاگ دوڑ مخلص اور باشعور قیادت کے پاس ہے ۔ ادھر رہنماء ارسلان حیات نے کہا ہے کہ عمران خان کے جس طرح کے سیاسی اعمال ہیں عوام ان پر ریڈ لائن لگائیں گے، توشہ خانہ عمران خان کے گلے کا طوق بن گیا ہے، وہ وقت دور نہیں جب پی ٹی آئی انتشار کی سیاست کی وجہ سے خود ہی مائنس ہو جائے گی۔ پارٹی دفتر میں ملاقات کے لئے آنے والے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اور (ق) لیگ نے واردات کرنے کے لئے رات ہونے کا انتظار کیا لیکن اس کے باوجود ان کی جعلسازی بے نقاب ہو گئی ،سپیکر جانبدار اور ان کا کردار متنازعہ ہو گیا ہے ۔