• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ ستمبر میں، پاکستان جلد ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس بلانے کیلئے لابنگ میں مصروف

کراچی(اسٹاف رپورٹر)ستمبر میں پاکستان میں ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کرانے کی راہ ہموار کرنے کے لئے پاکستان کرکٹ بورڈ جلد ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس بلانے کے لئے لابنگ میں مصروف ہے۔اجلاس اگلے ماہ کرانے کی تجویز ہے۔بھارت کے ساتھ چند ماہ قبل تعلقات میں جو کشیدگی آئی تھی اسے بھی کم کیا جائے گا۔ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی چیئرمین نجم سیٹھی اہم ترین مشن پر ان دنو ں دبئی میں ہیں ان کے ساتھ چیف ایگزیکٹیو فیصل حسنین بھی ہیں۔پی سی بی چیئر مین کو امارات کرکٹ بورڈ نے اپنی لیگ کی افتتاحی تقریب کے لئے مدعو کیا ہے۔نجم سیٹھی 21جنوری کو لاہور واپس لوٹیں گے۔پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی نے متحدہ عرب امارات میں امارات کرکٹ بورڈ اور ایشین کرکٹ کونسل کے حکام سے ملاقات کیں جس میں پاکستان کرکٹ اور ایشیا کپ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔انہوں نے امارات کرکٹ بورڈ کے وائس چیئرمین خالد زرونی سے ملاقات میں آئی ایل ٹی ٹوینٹی کے معاملہ پر بات چیت کی۔ دبئی میں جاری آئی ایل ٹی ٹوینٹی میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی شامل نہیں ہے کیوں کہ سابق بورڈ نے پاکستان کے کھلاڑیوں کو این او سی دینے کے عوض تین ملین ڈالرز کا مطالبہ کیا تھا۔بورڈ کے سربراہ نے اماراتی حکام کو یقین دلایا کہ آئندہ سیزن میں پاکستانی کرکٹرز کو اس لیگ میں شرکت کی اجازت ضرور دی جائے گی اور ہم امارات کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانا چاہتے ہیں۔نجم سیٹھی نے اماراتی بورڈ کی ناراضگی ختم کرنے کو کہتے ہوئے مستقبل میں کرکٹ کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کو عندیہ دیا ہے۔ اس موقع پر خالد زرونی نے پی سی بی کو مستقبل میں میچز کے یو اے ای میں ممکنہ انعقاد کے حوالے سے بھی تعاون کا یقین دلایا۔ دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ ے چیئرمین نے ایشین کرکٹ کونسل حکام سے بھی ملاقاتیں کیں اور ایشیا کپ کے معاملہ پر جلد از جلد اے سی سی اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا ۔ امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ اب فروری میں یہ اجلاس ہوسکے گا ۔ اجلاس میں پاکستان کرکٹ بورڈ دو ٹوک موقف اختیار کرے گا کہ ایشیا کپ کی میزبانی پاکستان کا حق ہے اور یہ ٹورنامنٹ پاکستان میں ہی ہوگا ۔پی سی بی سائیڈ لائیز پر ہونے والی ملاقاتوں میں 2025میں آئی سی سی چیمپنز ٹرافی کی میزبانی کے بارے میں بھی خدشات کو ختم کرنا چاہتا ہے۔

اسپورٹس سے مزید