کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ نے خواتین کی پہلی سپر لیگ کو پاکستان سپر لیگ کے ساتھ مارچ میں نہ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔چند ماہ قبل پی سی بی نے اعلان کیا تھا کہ پنڈی میں پی ایس ایل کے میچ شام اور خواتین لیگ کے میچ صبح میں ہوں گے۔لیکن نئی پیش رفت کے مطابق پی سی بی نے پہلی خواتین سپر لیگ ستمبر میں الگ سے کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔خواتین ٹیموں کو پی ایس ایل فرنچائز سے منسلک کردیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کی سربراہی میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی نے خواتین کرکٹ لیگ کو پی ایس ایل کا ساتھ کرانے کے بجائے باضابطہ الگ ایونٹ کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔پہلا خواتین ٹورنامنٹ اس سال ستمبر میں ہوگاجس میں پانچ فرنچائز ٹیمیں ہوں گی اور فرنچائز حقوق کیلئے علیحدہ بڈنگ کی جائیں گی، پی سی بی کو پہلے ہی دنیا بھر سے خواتین کرکٹرز سے شرکت کیلئے اظہار دلچسپی موصول ہوچکا ہے۔واضح رہے کہ اس سے قبل رمیز راجا کی سربراہی میں پی سی بی کا ارادہ تھا کہ خواتین لیگ کو پی ایس ایل کے ساتھ کرایا جائے تاکہ اخراجات خاص طور پر پروڈکشن اخراجات کم ہوں۔پاکستان کرکٹ بورڈ ویمن لیگ کیلئے ملالہ فاونڈیشن سمیت اقوام متحدہ سے وابستہ خواتین کی دیگرعالمی تنظیموں کو بھی آن بورڈ رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے تاکہ ٹورنامنٹ کے ذریعے پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کیا جاسکے۔