لاہور(ٹی وی رپورٹ)سابق وزیراعظم عمران خان نے ایک اوریوٹرن لیتے ہوئے مسلم لیگ (ن )کو چیلنج دیدیا۔چیئرمین تحریک انصاف نے قومی اسمبلی میں واپسی کا عندیہ دیتے ہوئے کہاہے کہ ہم جلدشہباز شریف کی نیندیں حرام کرنے والے ہیں، نگراں سیٹ اپ کے لیے قومی اسمبلی میں واپس جاسکتے ہیں، ہم اسمبلی میں نہ گئے تو یہ راجہ ریاض سے مل کر نگراں سیٹ اپ بنالیں گے‘ تحریک انصاف کی کراچی میں شکست کی وجہ تنظیم کی کمزوری اور پیپلزپارٹی کی دھاندلی ہے ۔ لاہور میں صحافیوں سےگفتگوکرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے قومی اسمبلی کے حوالے سے پلان کرلیا ہے، مسلم لیگ ن کے ایم این ایز رابطے میں ہیں، پہلے ان کا ٹیسٹ کریں گے پھر اپنی پارٹی میں شامل کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ بری طرح پھنس گئے ہیں‘باجوہ ڈاکٹرائن میں کوئی زیادہ کمی نہیں آئی‘پنجاب میں نگراں وزیراعلی کے لیے وہ نام دیے جو ن لیگ کو قابل قبول ہوں، مجھے یقین ہے کہ مارچ اپریل میں الیکشن ہو جائیں گے، رن آف الیکشن ہوا تو موقعکے مطابق فیصلہ کریں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ رات اسحاق ڈار نے پیٹرول بڑھانا تھا لیکن نہیں بڑھایا، اس کا مطلب ہے کہ اب آئی ایم ایف نہیں آئےگا، انہیں 2 ارب ڈالرکا قرضہ ملا اور 2 ارب ڈالر ترسیلات زر میں کمی بھی آگئی۔کراچی میں بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی دھاندلی کے بغیر نہیں جیت سکتی، تحریک انصاف کی کراچی میں شکست کی وجہ تنظیم کی کمزوری اور پیپلزپارٹی کی دھاندلی ہے۔ مسلم لیگ ق کے پی ٹی آئی میں انضمام کے سوال پر انہوں نےکہا کہ ق لیگ کا مستقبل تحریک انصاف کے ساتھ ہے، ق لیگ بلے کے نشان پر لڑے گی تو ان کی جیت ہوگی۔