• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

توشہ خانہ کی تفصیلات سے آگاہی عوام کا حق، شفافیت کا تقاضا بھی ہے، لاہور ہائیکورٹ

لاہور(اے پی پی)لاہور ہائیکورٹ نے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے دائر درخواست پرفریقین کو 19 جنوری کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے تفصیلی جواب طلب کرلیا۔ عدالت نے دوران سماعت قرار دیا کہ آئین میں بنیادی حقوق سے متعلق شق 19 کی رو سے توشہ خانہ کی تفصیلات بارے آگاہی عوام کا حق ہے اور شفافیت کا تقاضا بھی یہی ہے ۔ جب ایف بی آر کے افسر توشہ خانہ کی چیزوں کی قیمت و فروخت بارے طے کرتے ہیں تو اسے سامنے لانے میں کیا حرج ہے ، عدالت نے کہا کہ جب ایف بی آر کے افسر توشہ خانہ کی چیزوں کی قیمت و فروخت بارے طے کرتے ہیں تو اسے سامنے لانے میں کیا حرج ہے ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس عاصم حفیظ نے توشہ خانہ تحائف کی تفصیلات کی فراہمی کے لیے شہری منیر احمد کی جانب سے دائر درخواست پرپیر کو سماعت کی جس میں توشہ خانہ کی تفصیلات کی فراہمی کی استدعا کی گئی ہے۔ دوران سماعت عدالت میں توشہ خانہ کی خاتون افسر ندا رحمان پیش ہوئیں اور عدالت کو بتایا کہ اس معاملے پر گزشتہ سال جون میں کمیٹی بنائی گئی ہے جس نے طے کرنا ہے کہ کن اشیا کو پبلک کیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ حکومت اس کی تفصیلات سامنے کیوں نہیں لانا چاہتی۔ عدالت نے کہا کہ اگر پرائیویٹ فرد تحائف کی ویلیو جاننے کا اہل ہے تو کیا پھر بھی یہ تفصیلات خفیہ ہوسکتی ہیں۔ عدالت نے باور کرایا کہ پرائیویٹ شخص خفیہ معلومات دیکھ سکتا ہے تو شہریوں سے یہ معلومات خفیہ رکھنے کی کیا وجہ ہے۔ عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید سماعت 19 جنوری تک ملتوی کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفصیلی جواب طلب کرلیا ۔
اہم خبریں سے مزید