پشاور ( وقائع نگار )پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے کوہاٹ روڈ پر کھلی کچہری کا انعقاد کیا۔ کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تحریم شاہ اور تحصیلدار زرداد خان سمیت ذیلی محکموں کے افسران، ریونیو سٹاف، عوامی نمائندگان، عوام اور علاقہ مشران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔اسسٹنٹ کمشنر (صدر) کے دفتر میں کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا تھا۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لیے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کر وائے گئے تھے۔ اس موقع پر لوگوں نے افسران کو اپنے مسائل کے بارے میں بتایا۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ کوہاٹ روڈ اور گردونواح میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ بہت زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لیے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے سوئی گیس کا پریشر بڑھایا جائے۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ علاقے میں نالیوں کی صفائی کی جائے اورعملہ صفائی کو ہدایت کی جائے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں، گلیوں اور نالیوں کی صفائی کرے اور علاقوں میں اکثر دکانداروں نے دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کر رکھے ہیں جس کہ وجہ سے پیدل چلنے والوں کو سخت تکلیف کا سامناہے اور اکثر ٹریفک بھی جام رہتی ہے اس لیے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور بازاروں میں گرانفروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں اور علاقے میں عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی اپنے اپنے مسائل کے بارے میں افسران سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے ان کو تحریری درخواستیں بھی دیں جس پر انھوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان نے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد حکومت و انتظامیہ اور عوام کے درمیان فاصلے کو ختم کر نا ہے اور عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کر نا ہے۔ انھوں نے تمام افسران کو شکایات کے حل کی ہدایات جاری کیں اور عوام سے اپیل کی کہ ان کی درخواست اور شکایات پر کاروائی کے بارے میں بعد میں ان کو ضرور آگاہ کریں