• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم شہباز اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں ہیں، رانا ثناء

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اعتماد کا ووٹ لینے کی پوزیشن میں ہیں، پنجاب کے نگراں وزیراعلیٰ کیلئے اتفاق ہوتا نظر نہیں آرہا، یہ فیصلہ چیف الیکشن کمشنر کے پاس ہی جائے گا، پرویز الٰہی ہم سے مذاکرات میں عمران خان کو گالیاں دیتے تھے، ناراض اراکین پرویز الٰہی کے ساتھ رابطے میں تھے، پرویز الٰہی نے ہی ان ناراض اراکین کو ہمارے پاس بھیجا تھا ، ایم کیو ایم نے نہ حکومت کو چھوڑا ہے نہ چھوڑے گی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے پرویز الٰہی کو عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے نہیں کہا تھا، ایک اور جنرل نے پرویز الٰہی کو فون کر کے عمران خان کا ساتھ دینے کیلئے کہا وہ بھی ریٹائرڈ جنرل ہے۔صحافی شاہد اسلم کے ساتھ وہ سلوک نہیں ہورہا جو ہمارے ساتھ ہوتا تھا۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سابق وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر بھی شریک تھے، راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ کشمیریوں سے دھوکا کرنے والا اللہ کے عذاب کو دعوت دے گا،موجودہ صورتحال میں پاکستان کے ہندوستان سے مذاکرات مناسب نہیں ہیں، پاکستان کو کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے اصولی موقف پر قائم رہنا چاہئے، 13اگست 1948ء کی قرارداد اصولی موقف ہونا چاہئے، قومی سلامتی کے ذمہ داروں سے مل کر پوچھوں گا کیا آپ باجوہ ڈاکٹرائن پر قائم ہیں ، کشمیر کو بیس سال کیلئے بیک برنر پر ڈال دینا کشمیریوں کے زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہوگا۔وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا کہ فواد چوہدری نے دو دو ہفتے کر کے حکومت کے آٹھ ماہ پورے کروادیئے ہیں، چوہدری پرویز الٰہی کی شخصیت کا گھٹیا پہلو لوگوں کے سامنے آگیا ہے، پرویز الٰہی کی کوئی زبان نہیں ہے بار بار اپنے فیصلوں سے منحرف ہوتے ہیں، پرویز الٰہی ہم سے مذاکرات میں عمران خان کو گالیاں دیتے تھے، پرویز الٰہی کہتے تھے عمران خان انہیں گرفتار کرنے لگا تھا جنرل باجوہ نے بچایا، اعتما د کے ووٹ کے معاملہ پر پرویز الٰہی کی دونمبری سامنے آئی ہے، پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ نہیں لینا چاہتا تھا، ناراض اراکین پرویز الٰہی کے ساتھ رابطے میں تھے، پرویز الٰہی نے ہی ان ناراض اراکین کو ہمارے پاس بھیجا تھا ، پرویز الٰہی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے تک پی ٹی آئی کو چکر دینے کی کوشش کرتے رہے، اگر کسی کے ساتھ دھوکا ہوا تو وہ پرویز الٰہی کے ساتھ ہوا ہے،  پرویز الٰہی کو اسی کے بیٹے مونس الٰہی نے دھوکا دیا ہے۔
اہم خبریں سے مزید