• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور کھلی کچہری ‘عوام نے افسروں کو مسائل سے آگاہ کیا

پشاور ( وقائع نگار ) پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے گورنمنٹ شہید ثاقب غنی ہائی سکول نمبر2 کینٹ میں کھلی کچہری لگائی جس میں ڈپٹی کمشنر شفیع اللہ خان کی ہدایت پرایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف) محمد عمران خان اور ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنراحسان علی شاہ سمیت ذیلی محکموں کے افسروں، ریونیو سٹاف، عوامی نمائندوں، عوام اور مشران نے شرکت کی۔عوام کی سہولت اور معلومات کے لئے کھلی کچہری سے پہلے علاقے میں اعلانات کرائے گئے ۔ اس موقع پر لوگوں نے افسروں کو اپنے مسائل کے بارے میں آگاہ کیا۔کھلی کچہری میں درخواست کی گئی کہ قریبی علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ زیادہ ہے اور عوام کی سہولت کے لئے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم کیا جائے اور علاقے میں سوئی گیس کا پریشر بہت کم ہے اس لیے پریشر بڑھایا جائے اور علاقے کی گلیوں میں پولیس گشت کو بڑھایا جائے تاکہ عوام کو سہولت و سکیورٹی میسر ہو سکے۔علاقے میں نالیوں کی صفائی کی جائے اورعملہ صفائی کو ہدایت کی جائے کہ وہ روزانہ کی بنیاد پر سڑکوں، گلیوں اور نالیوں کی صفائی کرے۔ صدر کے بازاروں میں دکانداروں نے دکانوں سے باہر تجاوزات قائم کی ہیں جس کی وجہ سے پیدل چلنے والوں کو سخت تکلیف کا سامناہے اور اکثر ٹریفک بھی جام رہتی ہے اس لئے تجاوزات مافیا کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے اور بازاروں میں گرانفروشوں کے خلاف روزانہ کی بنیادوں پر کارروائیاں عمل میں لائی جائیں۔ اوربازاروں میں عوام کو سستے آٹے کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ اس موقع پر دیگر افراد نے بھی مسائل کے بارے میں افسروں سے کھل کر بات کی جبکہ اکثر نے تحریری درخواستیں دیں جس پر انہوں نے موقع پر ہدایات جاری کیں ۔
پشاور سے مزید