• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نائب کپتان شان مسعود پشاور میں رشتہ ازدواج سے منسلک

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان شان مسعودپشاور میں رشتہ ازدواج سے منسلک ہوگئے اور زندگی کی نئی اننگز کی شروعات کردی۔ہفتے کو وہ دلہن نیشے خان کو رخصت کرکے مقامی کلب میں منتقل ہوئے جبکہ نکاح کی تقریب جمعے کو ہوئی تھی۔شان مسعود کا کہنا ہے کہ یہ میرے لئے یادگار لمحہ ہے اور پرستاروں سے دعاؤں کی درخواست ہے۔ولیمہ کی تقریب جمعے کو کراچی میں ہوگی۔وائرل ہونے والی ویڈیوز میں شان اور نیشے خوشگوار انداز میں خاندان کے دیگر افراد کے درمیان ایک دوسرے کو انگوٹھیاں پہناتے ہوئے دیکھے گئے، اس موقع پر شان اور نیشے ایک دوسرے کو انگوٹھی پہنا کر کافی خوش دکھائی دیے۔33 سالہ شان مسعود کا کہنا ہے کہ وہ پسند کی شادی کر رہے ہیں،دلہن ان کی بہترین دوست رہی ہیں اور اب وہ ان کی لائف پاٹنر بننے جا رہی ہیں،ان کی ان سے پہلی ملاقات لاہور میں ہوئی تھی۔نیشے خان کا تعلق پشاور سے ہے شان کی ان سے پرانی دوستی ہے جو اب بہترین رشتے میں بدل گئی ہے ۔شان مسعود نے کہا کہ وہ بہت زیادہ خوش ہیں کہ انہیں زندگی کا بہترین ساتھی مل رہا ہے، وہ انہیں بہترین انسان کے ساتھ بہترین کرکٹر بننے میں بھی مدد کریں گی کیوں کہ جب سے وہ ان کی زندگی میں آئی ہیں ان کے کردار میں بڑا اچھا بدلاؤ آیا ہے۔شان مسعود معروف بینکر منصور مسعود خان کے فرزند ہیں، ان کے تایا وقار مسعود خان حکومت پاکستان میں سابق سیکریٹری فنانس اور وفاقی وزیر رہ چکے ہیں، 3 بہن بھائیوں میں شان مسعود کا دوسرا نمبر ہے۔

اسپورٹس سے مزید