• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسانوں کو جدید بیج فراہم ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقل کریں گے، شہباز شریف

لاہور(آئی آین پی،خصوصی نمائندہ) وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کسان پیکج پر عمل درآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت زراعت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے، کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے جدید بیج متعارف کرانے کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت کسان پیکج پر عمل درآمد سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقلی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کررہے ہیں۔ ٹیوب ویلز شمسی توانائی پر منتقل ہونے سے فی ایکٹر لاگت میں کمی آئے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومت زراعت کی ترقی اور خوشحالی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔ چھوٹے کاشتکاروں کو قرض کے حصول میں سہولت ، بیج کی بروقت فراہمی کسان پیکج میں شامل ہے۔ کسان پیکج کے بارے میں کسانوں کی تمام تنظیموں کو مشاورت کا حصہ بنایا جائے گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ کپاس کی پیداوار میں اضافے کیلئے جدید بیج متعارف کرانے کے اقدامات کو جلد حتمی شکل دی جائے۔علاوہ ازیں وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر ریلوے و ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم کو بلوچستان میں ریلوے ٹریک دھماکے اور امدادی سر گرمیوں سے آگاہ کیا ۔وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ریلوے کے سفر کو محفوظ بنانے کے لئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ ذرائع کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم شہباز شریف کو پنجاب میں آئندہ انتخابات کی صورتحال پر بریفنگ بھی دی۔ وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے چیف سیکرٹری پنجاب عبداللہ خان سنبل اور آئی جی پولیس عامر ذوالفقار خان نے ماڈل ٹاؤن میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی ۔چیف سیکرٹری عبداللہ سنبل نے وزیراعظم کو صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں سمیت مختلف امور پر تفصیلی بریفنگ دی ۔آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار نے وزیراعظم کو صوبے میں امن و امان کی صورتحال بارے آگاہ کیا۔
اہم خبریں سے مزید