کوئٹہ(پ ر)بلوچستان پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کا اجلاس چیئرمین حاجی ولی محمد لہڑی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حاجی ولی محمد لہڑی نے کہا کہ بلوچستان میں ایرانی ڈیزل و پٹرول کا غیرقانونی کاروبار عروج پر ہے جس کی وجہ سے ہمارے رجسٹرڈ پمپ تقریباً بند ہونے کے قریب ہیں جبکہ اس غیرقانونی کاروبار کی وجہ سے حکومت کو بھی روزانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی پٹرول اب دکانوں کے علاوہ ریڑھیوں اور سڑک کنارے ڈرموں اور ڈبوں میں بھی فروخت کیا جارہا ہے جو انتہائی خطرناک عمل ہے جبکہ اس سلسلے میں پولیس خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سالانہ اربوں روپے کا سیلز ٹیکس اور ایکسائز ڈیوٹیز وغیرہ حکومت پاکستان کو دے رہے ہیں جبکہ اس کے برعکس ایرانی پٹرول فروخت کرنے والے ہم سے زیادہ کما رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت بلوچستان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ شہروگردونواح میں ایرانی پٹرول فروخت کا سلسلہ فوری بند کرکے ہمیں کاروبار کرنے دیا جائے۔ اگر ایرانی پٹرول کی فروخت کا سلسلہ جاری رہا تو ہم اپنے پمپ بند کردیں گے یا حکومت کے حوالے کردیں گے۔