پشاور(نمائندہ جنگ )خیبرپختونخوا حکومت نے دہشت گردی کے بڑھتے واقعات کے پیش نظر پشاور سمیت 17حساس اضلاع کےلئے ایلیٹ فورس کےلئے 20بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کا فیصلہ کیاہے، صوبائی کابینہ نےمحکمہ داخلہ کی تجویز پر گاڑیوں کی خریداری کےلئے 180ملین روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی ، صوبائی کابینہ کے حالیہ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری محکمہ داخلہ نے موقف اختیار کیاکہ ملک بھر اور خصوصاً خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں مسلسل اضافہ سے قانون نافذ کرنےوالوں کے لئےرسک مزید بڑھ گیاہے، سیکرٹری داخلہ نے بتایا پولیس دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کررہی ہےاوردہشت گردوں کے نشانے پر ہے،ایسی صورت حال میں صوبے کے حساس اضلاع میں جس میں پشاور ،سوات ،بونیر ، دیر اپر ،دیر پائین ،شانگلہ ،مردان ،صوابی ،چارسدہ، نوشہرہ ،کوہاٹ ہنگو ،کرک ،لکی مروت ،ڈی آئی خان،بنوں اورٹانک کے اضلاع شامل ہیں کےلئے ایک ایک بلٹ پروف گاڑی کےعلاوہ ایلیٹ فورس کےلئے تین بلٹ پروف گاڑیوں کی ضرورت ہے،کابینہ کو بتایاگیا ہےکہ ایک بلٹ پروف گاڑی کی قیمت 9ملین روپے ہےاور اس طرح 20بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کےلئے 180ملین روپے درکار ہیں،سیکرٹری محکمہ داخلہ نے کابینہ سے درخواست کی کہ 17بلٹ پروف گاڑیاں حساس اضلاع اور تین بلٹ پروف گاڑیاں ایلیٹ فورس کےلئے خریدنے کےلئے 180ملین روپے کی منظوری دی جائے ،جس پر کابینہ نے 20بلٹ پروف گاڑیوں کی خریداری کےلئے 180ملین روپے کی منظوری دے دی ہے۔