• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد کی گرفتاری سیاسی نہیں، آئینی اداروں کے سربراہوں کو ڈرانا ریڈ لائن ہے، ن لیگ

لاہور(آئی این پی)مسلم لیگ (ن) کا کہنا ہے کہ فواد چوہدری کی گرفتاری سیاسی نہیں، آئینی اداروں کے سربراہوں اور ان کے خاندانوں کو ڈرانا دھمکانا ریڈ لائن ہے، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہمیں سیاسی بدلہ لینا ہوتا تو پی ٹی آئی صف اول کی تمام قیادت کب کی جیلوں کے پیچھے ہوتی، یہ نہیں ہو سکتا ہے کہ کوئی گالیاں اور دھکیاں دے اور اسے استثنیٰ دیا جائے، آج عوام، میڈیا اور اداروں کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ کہاں لکیر کھینچنی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے بدھ کے روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایف آر سیکرٹری الیکشن کمیشن کی طرف سے درج کروائی گئی،سیکرٹری الیکشن کمیشن کی مدعیت میں ایف آئی آر تھانہ کوہسار میں درج ہے،فوادچوہدری کی گرفتاری کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے، فواد چوہدری صاحب نے الیکشن کمیشن کے خلاف بیانات دیئے، فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن ممبران کے بچوں کو کھلے عام دھمکیاں دیں، ہم گزشتہ نو ماہ سے حکومت میں ہیں، فواد چوہدری سمیت پی ٹی آئی کے لوگوں نے ہمارے خلاف جو زبان استعمال کی، اس پر ہم نے اگر سیاسی گرفتاری کرنا ہوتی تو یہ لوگ کب کے جیلوں کے پیچھے ہوتے۔ دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے ترجمان نے کہا ہے کہ فواد چوہدری کے جرائم ناقابلِ معافی ہیں، آئینی اداروں کے سربراہوں اور انکے خاندانوں کو ڈرانا دھمکانا ریڈ لائن ہے،جاری کیے گئے بیان میں پاکستان مسلم لیگ ن کے ترجمان نے کہا ہے کہ آئینی اداروں کے خلاف مہم چلانا ملک سے غداری ہے،ترجمان مسلم لیگ ن کے مطابق فواد چوہدری نے سیاسی نظام میں نفاق کے بیج بوئے، ریاستی اداروں کی تضحیک کی، سیاسی مخالفین کی عزت اچھالنے کی روش ڈالی، ترجمان کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری نے آئینی اداروں کے سربراہوں کو قبر تک پہنچانے کا بیان دیا،بیان میں کہا گیا ہے کہ نہال ہاشمی کو سپریم کورٹ کے ججز پر بالواسطہ تنقید کرنے پر نا اہل قرار دیا گیا اور گرفتار کیا گیا، دانیال عزیز اور طلال چوہدری کو سپریم کورٹ کے فیصلے پر تنقید کرنے پر نااہل کیا گیا،ترجمان نون لیگ کا کہنا تھا کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں، قانون سے کوئی بالاتر نہیں ہے، فواد چوہدری مقدس گائے ہیں تو دیگر کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلے بھی واپس لیے جائیں، دوسری صورت میں فواد چوہدری کے خلاف بھی قانون اپنا راستہ لے۔

اہم خبریں سے مزید