• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایس سی او اجلاس بھارت میں، بلاول شرکت کرینگے یا نہیں دفتر خارجہ خاموش

اسلام آباد(فاروق اقدس/نامہ نگار خصوصی ) پاکستان کے دفتر خارجہ اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ بھارت کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی شرکت کا دعوت نامہ موصول ہوا ہے بھارتی وزیر خارجہ جےشنکر کی جانب سے بھیجا گیا یہ دعوت نامہ بھارتی ہائی کمیشن کے حکام نے پاکستان کے دفتر خارجہ کے حکام کو پہنچایا تاہم دفتر خارجہ کے ذرائع فی الوقت وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی اجلاس میں شرکت کے حوالے سے خاموشی اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں شرکت کا فیصلہ" سٹیک ہولڈرز" سے مشاورت کے بعد ہو گا۔یاد رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کا اجلاس رواں سال مئی کے پہلے ہفتے میں بھارت کے ساحلی،تفریحی مقام گویا میں ہو گا بھارت اس سال شنگھائی تعاون تنظیم کے منتظم صدر کے فرائض انجام دے رہا ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اگر پاکستان کی جانب سے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کر لیا جاتا ہے تو وزیر خارجہ بلاول بھٹو جو اپنی سیاسی جماعت پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بھی ہیں موجودہ ذمہ داریوں کے حوالے سے نہ صرف پہلی مرتبہ حکومتی حیثیت میں سرکاری دورے پر بھارت جائیں گے بلکہ پاکستان کے کسی وزیر خارجہ کا تقریبا ایک دھائ بعد یہ دورہ بھارت ہو گا اس سے قبل پاکستان پیپلز پارٹی سے ہی وابستگی رکھنے والی حنا ربانی کھر پاکستان کی پہلی خاتون وزیر خارجہ کی حیثیت سے جولائی 2011 میں بھارت کے دورے پر گئی تھیں.یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بھارت نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے اجلاس میں پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو بھی مدعو کیا ہے۔ تاہم پاکستان نے تاحال بھارتی دعوت نامہ کا کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید