• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی پی اور جماعت اسلامی فیصلہ کریں میئر، ڈپٹی میئر کس کا ہوگا، گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی آپس میں جوڑ توڑ کرلیں اور پھر فیصلہ کریں کہ میئر اور ڈپٹی میئر کس پارٹی سے ہوگا،کراچی کے شہری پہلے ہی بجلی، پانی اور گیس کی کمی کی وجہ سے پریشانی میں مبتلا ہیں اور اب اسٹریٹ کرائمز بھی بڑھے ہیں، ایم کیو ایم کے مطالبات جائز ہیں، بلدیاتی انتخابات میں ووٹرز کا تناسب نہ ہونے کے برابر تھا، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عددی لحاظ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا میئر آنا چاہئے اورجماعت اسلامی کا ڈپٹی میئر ہو۔یہ بات انہوں نے فریئر ہال میں تیسرے میری گولڈ فیسٹیول کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن، میونسپل کمشنر کے ایم سی شجاعت حسین، ڈائریکٹر جنرل پارکس جنید اللہ خان، سید طارق مصطفیٰ، فیضان مدینہ کے محمد یعقوب عطاری اور کے ایم سی کے محکمہ جاتی سربراہان کے علاوہ شہریوں کی ایک بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی، گورنر نے کہا کہ شہر کی رونقوں کو بحال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں اور اپنی پوری توانائیوں کے ساتھ شہر کے مسائل کے حل کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ سب کو مل کر چلنا ہوگا تاکہ مسائل حل ہوں اور شہر بہتری کی طرف گامزن ہو، انہوں نے کہا کہ پہلے پیپلز پارٹی اور جماعت اسلامی آپس میں جوڑ توڑ کرلیں اور پھر فیصلہ کریں کہ میئر اور ڈپٹی میئر کس پارٹی سے ہوگا، ہم سب کو ذمہ دار لینی چاہئے اور شہر کو بہتر کرنا چاہئے، وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ عددی لحاظ سے پاکستان پیپلز پارٹی کا میئر آنا چاہئے، جماعت اسلامی کا ڈپٹی میئر ہو اور گورنر صاحب کی سرپرستی ہو تو بہتر نتائج آئیں گے، اگر انتشار ہوگا تو خدمت نہیں کی جاسکتی، انہوں نے کہا کہ کراچی میں پیپلزپارٹی بلدیاتی سطح پر سب سے بڑی پارٹی ثابت ہوئی ہے، اس لئے میئر شپ پیپلز پارٹی کا حق ہے، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اب یہ بات تسلیم کرلینی چاہئے کہ کراچی کے شہریوں نے پیپلزپارٹی کے حق میں فیصلہ دیا ہے اور عوام کی رائے کا احترام کرنا سب کے لئے ضروری ہے، انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہے، عام انتخابات بھی قریب ہیں اور جو پارٹی شہریوں کی خدمت کرے گی انہیں ہی عام انتخابات میں بھی کامیابی ہوگی، انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ نے حلقہ بندیوں سے متعلق الیکشن کمیشن کوخط لکھا تھا لیکن ہمیں الیکشن کمیشن کی بات ماننا پڑی اور بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرانا پڑا، ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سید سیف الرحمٰن نے کہا کہ میری گولڈ کی یہ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہے گی اس نمائش میں 60 ہزار سے زائد پھولوں کے پودے رکھے گئے ہیں، اس نمائش میں شہریوں کا داخلہ مفت ہوگا، نمائش کو صبح دس بجے سے رات گیارہ بجے تک شہری دیکھ سکتے ہیں۔
اہم خبریں سے مزید