ملتان (سٹاف رپورٹر )ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پاکستان میں تعینات جرمن سفیر الفریڈ گرینس نے زرعی یونیورسٹی ملتان کا دورہ کیا،اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آصف علی نے جرمن سفیر کو بتایا کہ زرعی یونیورسٹی جرمنی کے اشتراک سے فیکلٹی ڈویلپمنٹ،سٹوڈنٹس ایکسچینج پروگرامز اور،باہمی ریسرچ کے مختلف پراجیکٹس پر کام کر رہی ہے۔ ہم چاہیں گے کہ جرمن یونیورسٹیاں اور ادارے ہمارے ساتھ فوڈسکیورٹی اور علاقائی انڈسٹری کی بہتری کے لیے تعاون میں مزید اضافہ کریں، اس موقع پر جرمن سفیر نے کہا کہ ہم زرعی یونیورسٹی ملتان کے جرمنی کی مزید یونیورسٹیوں کے ساتھ ریسرچ تعلقات کو بڑھانے میں مدد فراہم کریں گے۔ پرویز اختر ڈائریکٹر سٹار فارم اینڈ میٹرو نے یونیورسٹی کی زراعت کی بہتری کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہتے ہوئے تعاون کی پیشکش کی۔ ملتان یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز پروفیسر ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی،پروفیسر ڈاکٹر محمد رمضان،پروفیسر ڈاکٹر کامران نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوے کہا کہ جرمن سفیر کا یہ دورہ جنوبی پنجاب کی یونیورسٹیوں اور انڈسٹری کے جرمنی کے ساتھ تعاون کی نئی راہیں کھولے گا۔آخر میں جرمنی کے سفیر نے وائس چانسلر کے ہمراہ یونیورسٹی میں پودا بھی لگایا۔