• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور زلمی ٹی 10 میڈیا کرکٹ لیگ کا آغاز

پشاور(خصوصی نامہ نگار) پشاور پریس کلب کے زیراہتمام زلمی میڈیا کرکٹ لیگ کا اسلامیہ کالج گراؤنڈ میں آغاز ہوگیا جس کا باضابطہ افتتاح پشاور زلمی کے ڈائریکٹرکرکٹ وسابق ٹیسٹ کرکٹر محمد اکرم نے کیا۔اس موقع پر پریس کلب کے صدر ارشد عزیز ملک، سینئر صحافی شمیم شاہد، جنرل سیکرٹری عرفان موسیٰ زئی، سپورٹس کمیٹی کے چیئرمین ظفراقبال اور خیبریونین کے جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی بھی موجود تھے۔ افتتاحی میچ میں مردان زلمی نے بنوں کو نو وکٹوں سے شکست دی۔بنوں زلمی نے مقرررہ10 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان پر 76 رنز بنائے قاری ضیاء الرحمٰن 38 رنزکے ساتھ نمایاں رہے، مردان کی طرف سے افتخاراور عرفان خان نے دو دوکھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،جواب میں مردان زلمی نے مطلوبہ ہدف 8 ویں اوور میں ہدف حاصل کیا۔ کپتان یاسر علی نے 48 رنز بنائے۔ دوسرا میچ کوہاٹ زلمی اور خیبر زلمی کے درمیان کھیلا گیا۔ کوہاٹ زلمی نے مقررہ 10 اوورز میں چھ وکٹوں پر 104 رنز بنائے زاہد امداد 29 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔جواب میں خیبر زلمی کی ٹیم مقررہ دس اوورز میں 91 رنز ہی بنا سکی، بلال آفریدی نے 25 رنز بنائے۔تیسرا میچ زلمی فورس اور ڈی آئی خان زلمی کے درمیان کھیلا گیا ، ڈی آئی خان زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 111 رنز بنائے ارسلان ٹکر 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔جواب میں زلمی فورس 106 رنز بنا سکی شاہ فیصل 37 رنز بنا کر نمایاں رہے۔آخری میچ میں ملاکنڈ زلمی نے ایبٹ آباد زلمی کو تین وکٹوں سے شکست دیدی، ایبٹ آباد نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 102 رنز بنائے رفعت احسان نے 50 رنز بنائے۔ جواب میں ملاکنڈ زلمی نے 102 رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کیا۔ زوار نے 57 رنز بنائے۔ محمد اکرم نے کہا کہ زلمی نے پہلی مرتبہ ملک بھر میں ٹیلنٹ ہنٹ کے لئے ٹرائلز کا انعقاد کیا جس میں 15 سے 20 ہزار تک بچوں نے شرکت کی اور ان میں سے100 بچوں کا انتخاب کیا گیا جو اب مختلف ٹیموں کا حصہ ہیں، پی ایس ایل 8 کے بعد دوبارہ ملک بھر میں ٹرائلز کا انعقاد کیا جائے گا ،جہاں زلمی کرکٹ ٹیم ینگ ٹیلنٹ کو سامنے لا رہی ہے وہاں دوسرے شعبوں پر بھی توجہ دی جارہی ہےجس میں بہترین پیچز اچھے کوچز اور ویلفیئر کے کام بھی شامل ہیں ۔پاکستان کی طرح زلمی فاؤنڈیشن نے یورپ اور یو کے میں بھی ٹرائلز اور لیگز کا انعقاد کیا اور وہاں سے بہترین ٹیلنٹ رکھنے والے بچوں کا انتخاب کیا۔ انہوں پی ایس ایل میں زلمی کرکٹ ٹیم کے کارکردگی کے حوالے سے کہا کہ کوئٹہ میں نمائشی میچ سے آغاز کریں گے امید ہے ہماری ٹیم اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ امید ہے اگلے پی ایس ایل کے میچوں کا انعقاد پشاور میں بھی ہو گاکیونکہ ابھی حال ہی میں حیات آباد کرکٹ سٹیڈیم اور ارباب نیاز کرکٹ سٹیڈیم کے دورے کئے اور بتایاگیا کہ جون تک دونوں سٹیڈیم تیار ہوجائیں گے چونکہ یہ زلمی کے ہوم گراؤنڈز ہیں اس لئے زلمی اپنی زیادہ تر کرکٹ پشاور میں کھیلے گی پچھلے آٹھ سالوں سے ہماری خواہش رہی کہ پشاور میں میچز کھیلیں کیونکہ یہاں پر زلمی کے سپورٹرز کافی زیادہ ہیں ،چیئر مین زلمی جاوید آفریدی نے بھی اس ضمن میں صوبائی حکومت سے درخواست کی کہ وہ جلد دونوں سٹیڈیمز کی تکمیل کو یقینی بنائیں۔بابر اعظم ورلڈ کلاس کھلاڑی ہے ان کی فین فاولنگ پوری دنیا میں موجود ہے انہوں نے پاکستان کے لئے بڑا نام کمایا ہے۔
پشاور سے مزید