پشاور(جنگ نیوز)چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) عاصم احمد نےپشاورکا دورہ کرتے ہوئے تجارتی وفد سے ملاقات کی۔وفد میں شامل پاک افغان جوائنٹ چیمبر آف کامرس کے کوآرڈی نیٹرضیاء الحق سرحدی نےتاجر برادری کو مختلف شعبہ جات میں درپیش مشکلات سے انہیں آگاہ کیا۔ ضیاء الحق سرحدی کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق انہوں نے نشاندہی کی کہ کنٹینرز کی ڈی اسٹفنگ کے حوالے سے نوٹیفکیشن جاری ہونے کے باوجود تاخیر ہورہی ہے درآمد کنندگان پر عائد ڈیمریج کو بچانے کے لیے مقامی کنٹینرز میں سامان کی منتقلی پر عمل درآمد نہیں کیا جا رہا۔اس موقع پر چیئرمین ایف بی آر نے تاجر برادری کو کاروبار میں آسانی فراہم کرنے کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔جس کے بعد ضیاء الحق سرحدی نے چیئرمین کا تاجر برادری سے مشاورت کرنے اور ان کے مسائل سننے پر شکریہ ادا کیا انہوں نے تاجروں کی جانب سے حکومت اور تمام متعلقہ محکموں کو ملک میں موجودہ مالیاتی بحران پر قابو پانے کی کوششوں میں تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔