راولپنڈی(صباح نیوز)پاک فوج کی اعلی قیادت نے سانحہ پشاور کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے، کور کمانڈرز کانفرنس کے شرکاء کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کو پنپنے نہیں دینگے، آرمی چیف جنرل عاصم منیرکا کہنا ہےکہ غیر اخلاقی اور بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، آرمی چیف نے ہدایت کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردی کیخلاف آپریشن پائیدار امن کے حصول تک جاری رکھے جائیں۔ آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیرصدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں ایل او سی سمیت خطے کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیا گیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں 255ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی،شرکا کو موجودہ اور ابھرتے ہوئے خطرات، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور دہشت گردوں کے درمیان گٹھ جوڑ کو توڑنے اور انکے حمایتی میکنزم کیلئے فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جاری انٹیلی جنس پر مبنی آپریشنز کے بارے میں تفصیل سے آگاہ کیا گیا۔ کانفرنس میں پشاور پولیس لائن دھماکے کے شہدا کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیااور اس عزم کا اظہار کیا کیاکہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائیگا اور انہیں کیفرکردار تک پہنچاجائے گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پرآرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کیخلاف زیروٹالیرنس پالیسی پرگامزن ہیں، پائیدارامن کیلئے انسداددہشت گردی کارروائیوں پرتوجہ مرکوزرکھی جائے۔آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتیں، ایسی کارروائیاں دہشت گردی کیخلاف کامیابی کے عزم کوتقویت دیتی ہیں۔آرمی چیف نے تمام کمانڈروں کو ہدایت کی کہ وہ انٹیلی جنس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر انسداد دہشت گردی کی کارروائیوں پر اس وقت تک توجہ مرکوز رکھیں جب تک کہ ہم پائیدار امن حاصل نہیں کر لیتے۔ ترجمان پاک فوج کے مطابق کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور آبادی کو تبدیل کرنے کا بھی نوٹس لیا گیا۔ عسکری قیادت نے کشمیریوں کی جدوجہدآزادی کی مکمل حمایت کے عزم کا اعادہ کیا۔