پیرس (رضا چوہدری) ضلع گجرات میں سابق حکومت کے برسراقتدار چوہدری خاندان کے بعض رہنماؤں کی طرف کوٹلہ ارباب علی میں ہسپتال کے افتتاح کا ڈھونگ رچایاکر دہشت گردی کرنے کے واقعہ کے خلاف پاکستان مسلم لیگ ن فرانس کے رہنما اور کوٹلہ کے باسی چوہدری شہباز کسانہ کی کال پرکوٹلہ کے لوگوں کا احتجاجی اجتماع ہوا۔ شرکا نے رکن قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کوٹلہ، چوہدری نعیم رضا،سابق ضلعی چیئرمین چوہدری تنویر محمد علی ،سابق ایم پی اے چوہدری شبیر احمد،چوہدری آصف رضا اور چوہدری شاہد رضا کے ساتھ سےاظہار یکجہتی کیا گیا، اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت چوہدری نثار نے حاصل کی۔ مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما نعیم چوہدری نے نظامت کی سر انجام دئیے۔ چوہدری شہباز کسانہ، راجہ علی اصغر، راجہ محمد علی، چوہدری فیصل سعید، چوہدری صفدر برنالی، سردار ظہور اقبال، خان اصغر خان، چوہدری ساجد ویروال، سبط مزمل، چوہدری طارق سلطان کوٹلہ اور چوہدری افضال مہر سمیت دیگر مقررین نے کوٹلہ ہسپتال میں مخالفین کی طرف سے اپنی تختی لگانےکی کوشش کی مذمت کی۔ مقررین نے کہا کہ ایم این اے چوہدری عابد رضا کوٹلہ نے اپنے علاقے میں ہمیشہ خدمت کی سیاست کی اور نوجوان نسل کیلئے مثبت سرگرمیوں کا آغاز کیا ، ان کے مخالفین کی سیاست ہمیشہ بدمعاشی اور بندوق کے گرد ہی گھومتی ہے جس نے لوگوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے، ان کا کہنا تھا کہ پہلے بھی اقتدارکے زور پر ان کی جانب سے تعمیر کوٹلہ ہسپتال پر اپنی تختی لگانا قابل مذمت فعل ہے، انہوں نےالزام لگایا کہ مخالفین نے اپنی حکومت کے بل بوتے پرکوٹلہ کے علاقے میں دہشت گردی کا مظاہرہ کیا ہے، مقررین نے چوہدری خاندان کی جانب سے کئے گئے اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور چوہدری عابد رضا کوٹلہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ گجرات کی سرزمین پر قتل وغارت کا بازار گرم رہتا تھا مگر اب لوگ اس بدمعاشی کی سیاست سے تنگ آچکے ہیں اور وہ گجرات کو ایک پرامن علاقہ دیکھنا چاہتے ہیں، عابد رضا کوٹلہ کے بنائے ہوئے ہسپتال پر اپنے نام کی تختی لگانے کی وجہ سے علاقے میں شدید اشتعال پھیلا ہے، کوٹلہ کی عوام نے مخالفین کا ڈٹ کر مقابلہ کرتے ہوئے انہیں بھاگنے پر مجبورکردیا، رہنماؤں نے کہا عابد رضا کوٹلہ کا اگر مقابلہ کرنا ہے تو خدمت کے میدان میں کرنا ہوگا ان کے بنائے ہوئے ہسپتال پر اپنے نام کی تختی لگانے سے عوام کی خدمت نہیں ہوتی ۔چوہدری شہباز کسانہ نے کہا کہ چوہدری خاندان اپنی اوقات میں رہے اور کوئی بھی ایسا قدم نہ اٹھائے جس سے حالات مزید خراب ہوں، چوہدری خاندان کی طرف سے کوئی غلط قدم اٹھایا گیا تو اس کے ذمہ دار وہ خود ہوں گے کیونکہ کوٹلہ کا ہر بچہ عابد رضا کوٹلہ کی پشت پر کھڑا ہے۔