اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہےکہ تعلیم خصوصاً اعلیٰ تعلیم کا فروغ ملکی تعمیر و ترقی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ تعلیم کے فروغ کے بغیر ترقی نہیں کر سکتا۔ انہوں نے گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کیمپس کے قیام کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ گوجر خان میں پنجاب یونیورسٹی کے کیمپس کا قیام علاقے کے عوام کا ایک دیرینہ مطالبہ ہے اور آج مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے انتہائی خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ گوجر خان کے عوام کا یہ دیرینہ مطالبہ جلد پورا ہونے جارہا ہے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار منگل کو گوجر خان یونیورسٹی کے قیام کے سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن ڈاکٹر مختار احمد، وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی، پروفیسر ڈاکٹر نیاز احمد اختر، ہائر ایجوکیشن کمیشن کے اعلیٰ حکام اور دیگر نے شرکت کی۔