کراچی (نیوز ڈیسک) ایران کے رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای نے ملک میں جاری حالیہ مظاہروں میں گرفتار افراد سمیت ہزاروں قیدیوں کو معافی دیدی، ایرانی میڈیا کے مطابق قیدیوں کے لیے معافی کی استدعا عدلیہ کی جانب سے کی گئی، معاف کئے جانے والے قیدیوں میں حالیہ مظاہروں میں گرفتار مظاہرین بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق رہائی پانے والوں میں دوہری شہریت والے قیدی شامل نہیں ہیں، رہبر اعلیٰ کی جانب سے غیرملکی ایجنسیوں اور ایران مخالف گروپوں کے لیے جاسوسی کرنے والے ملزمان کو بھی معافی نہیں دی گئی۔ انسانی حقوق تنظیم کے مطابق ایران میں حالیہ مظاہروں کے خلاف کریک ڈاؤن میں 20 ہزار مظاہرین کو گرفتار کیا گیا۔ ایران میں گزشتہ سال ایرانی لڑکی مہسا امینی کی زیر حراست موت کے خلاف مظاہرے 4ماہ تک جاری رہے، 22سالہ مہسا امینی کو گزشتہ برس ستمبر میں حجاب قانون کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تھا۔