اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہاہے کہ حکمران دعوؤں تک محدود ،کشمیر کیلئے جراتمند قدم اٹھانے کو تیار نہیں کشمیری گزشتہ 2 سو سال سے آزادی کیلئے تڑپ رہے ہیں،کشمیریوں کو ایسٹ انڈیا کمپنی کے حوالے کیا گیا 2 لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہو چکے،مقبوضہ کشمیر دنیا کا سب سے بڑا جیل خانہ ہے، سب سے بڑے قبرستان کا منظر پیش کر رہا ہے ، کشمیریوں نے جہد مسلسل کا پیغام دیا ہے ، کشمیری قوم ظلم و جبر کے باوجود اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹی، حکومتوں نے کشمیر کیلئے کوئی عملی کام نہیں کیاصرف دن مناتی ہیں، کشمیر پر عالمی قرار دادیں کیوں بے معنی ہیں، پاکستان کشمیر کا سب سے بڑا مدعی ہے، بدقسمتی سے یہ خطہ 75 سال سے دشمن کے قبضے میں ہے کشمیریوں کے خون میں تحریک آزادی دوڑ رہی ہے ہم دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کی حمایت جاری رکھیں گے، آبپارہ میں یکجہتی کشمیر ریلی سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکمرانوں کا ایک ہی کام ہے تقریریں کرنا انکو بس ایک یہی کام اچھا آتا ہے ، یہ لوگ کوئٹہ و پشاور کو نہیں بچا سکے کشمیر کیا بچائیں گے، آج تک ہمارے حکمران دعوؤں تک محدود ہیں بزدل حکمرانوں نے انڈین ترامیم پر خاموشی اختیار کئے رکھی ہے، خان صاحب کہتے رہے کشمیر کیلئے 1 ہزار سال لڑیں گے پھر کیا کچھ نہیں ہماری فوج بہادر ہے لیکن قیادت بزدلوں کے ہاتھ میں ہے، کشمیر کیلئے کوئی جراتمند قدم اٹھانے کو تیار نہیں، یہ جان لیں ہمارے کھیت کشمیر کے پانی کی وجہ سے سرسبز ہیں ہیں ورنہ جس دن پانی انڈیا نے بند کیا یہاں کچھ نہیں بچے گا، ہم بنجر ہو جائیں گے، اگر اقوام متحدہ نے قرار دادوں کے مطابق مسئلہ حل نہ کیا تو یہ آتش فشاں پھٹے گا اور پھر سب کو بہا کر لے جائیگا، نواز شریف، آصف زرداری اور عمران خان نے کشمیریوں کیساتھ ظلم کیا، حکمرانوں کی ترجیحات میں اب کشمیر شامل ہی نہیں ۔