اسلام آباد,پشاور(جنگ رپورٹر)پاکستان بار کونسل نے جنرل(ریٹائرڈ)پرویز مشرف کی میت بیرون ملک سے سرکاری پروٹوکول اور خرچے پر پاکستان لانے کے غیر معمولی حکو متی اقدامات پرشدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے قرار دیاہے کہ مرحوم پاکستانی عدالتوں کا مفرور تھا،جسے سزا یافتہ شخص ہونے کے ناطے کسی صورت بھی سرکاری پروٹوکول نہیں دیا جانا چاہیے ، خیبر پختونخوا بارکونسل نے سابق صدر پرویز مشرف کی میت لانے کیلئے خصوصی طیارہ یو اے ای بھیجنے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت ملک کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے ، اس اقدام سے نہ صرف قومی خزانہ کونقصان پہنچایا گیا ہے بلکہ ایک مفرورکو سرکاری پروٹوکول دینا کسی صورت درست نہیں ہے ۔پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین ہارون الرشید اور ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین، حسن رضا پاشا نے سوموار کے روز جاری ایک مشترکہ بیان میں پرویز مشرف کے انتقال پر سوگوار خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔